تہواروں و تقاریب سے قبل تحدیدات عائد کی جائیں : ہائیکورٹ

   

اندرون دو یوم فیصلہ کی ہدایت ۔ تلنگانہ آنے والے مسافرین کے معائنے بھی کئے جائیں

حیدرآباد 23 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاو کے پیش نظر تہواروں کرسمس ‘ سال نو اور سنکرانتی سے قبل تحدیدات عائد کی جائیں۔ چیف جسٹس جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس این تکارام جی پر مشتمل ایک بنچ نے کورونا مسئلہ پر دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے سخت اقدامات کی ہدایت دی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اومی کرون ویرینٹ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ہائیکورٹ نے ریاست کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ تہواروں اور تقاریب کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر تحدیدات عائد کرے ۔ بنچ نے حکومت تلنگانہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ دوسری ریاستوں سے جو مسافرین ریاست کو آ رہے ہیں ان کے بھی معائنے کئے جائیں ۔ بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ تہواروں اور دیگر تقاریب کے انعقاد کو روکنے یا ان کے تحدیدات کے ساتھ انعقاد کو یقینی بنائے۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو ان احکامات پر عمل آوری کیلئے2 یوم کی مہلت فراہم کی ہے۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 19ڈسمبر کو مرکزی حکومت سے جاری رہنمایانہ خطوط پر عمل کو یقینی بنائیں۔ تلنگانہ میں کورونا بالخصوص نئی قسم اومی کرون مریضوں کی تعداد میں اضافہ پر ہائی کورٹ نے تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے استفسار کیا کہ اومی کرون کو پھیلنے سے روکنے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تہواروں کے دوران گہما گہمی اور ہجوم پر قابو پانے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں؟۔بنچ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ کرسمس ‘ سال نو اور تلسنکرانت کے موقع پر تحدیدات عائد کرکے کورونا سے محفوظ رہنے رہنمایانہ خطوط پر عمل کو یقینی بنائیں۔ ہائیکورٹ کی ہدایات کے بعد محکمہ صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے ریاست کی تمام سرحدوں پر ریاست میں داخل ہونے والوں کے معائنوں کے اقداما ت کا جائزہ لیا جانے لگا ہے ۔ جا رہاہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد تلنگانہ میں داخلہ کیلئے منفی آرٹی پی سی آر لازمی کیا جاسکتا ہے اور کسی بھی ذریعہ سے سفر کرنے والوں کو کورونا وائرس کی منفی رپورٹ پیش کرنی پڑسکتی ہے۔م