تیار غذا سے اجتناب ، اجناس اور اشیائے ضروریہ کے آرڈرس

   

Swiggy اور Zomato کے آرڈس میں کمی ، بگ باسکٹ اور امیزان کو ترجیح
حیدرآباد۔16 اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں Swiggy اور Zomato سے زیادہ بگ باسکٹ اور امیزان کو آرڈر حاصل ہورہے ہیں۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں لوگ تیار غذاء منگوانے سے اجتناب کر رہے ہیں اور اجناس اور اشیائے ضروریہ آن لائن آرڈر کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یومیہ 30تا40 فوڈ ڈیلیوری حاصل کرنے والے ڈیلیوری بوائز کو 10تا12 ڈیلیوری آرڈرس حاصل ہورہے ہیں اور ان آرڈرس کی تکمیل کے بعد وہ بیکار ہیں جبکہ 5تا10اجناس اور دیگر اشیائے ضروریہ کے آرڈر دینے والوں کو یومیہ 15-20 آرڈر حاصل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے کام میں اضافہ ہوا ہے ۔ گھروں تک غذاء پہنچانے والے ڈیلیوری بوائز کا ماننا ہے کہ صرف کوروناوائرس کے خوف سے آرڈر میں کمی نہیں آئی ہے بلکہ بعض علاقوں میں سختیوں کے سبب بھی آرڈرس میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ تحدیدات کے سبب شہری تیار اشیائے ضروریہ منگوانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔ Swiggy کے ذمہ دار نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں آرڈرس میں کمی کی بنیادی وجہ شہریوں میں کورونا کا خوف ہے اور ہوٹلوں میں تیار کی جانے والی اشیاء کے متعلق لوگوں میں پائے جانے والے شبہات کا ازالہ آسان نہیں ہے اسی لئے لوگ ان اشیاء کو ترجیح دے رہے ہیں جو گھر میں تیار کی جاتی ہیں اسی لئے امیزان اور بگ باسکٹ کو زیادہ آرڈرس وصول ہورہے ہیں۔ ان دونوں کمپنیوں کی جانب سے اشیائے ضروریہ بالخصوص اجناس‘ ترکاریاں اور گھریلو استعمال کی اشیاء پہنچائی جاتی ہیں اور ان پر تحدیدات بھی نہیں ہیں اسی لئے ان اشیاء کی ڈیلیوری انجام دینے والے نوجوانوں کو سہولت حاصل ہورہی ہے جبکہ فوڈ ڈیلیوری کی خدمات انجام دینے والے ڈیلیوری بوائز کو تحدیدات کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کے علاوہ محدود ہوٹلوں کی جانب سے ٹیک اوے کا انتظام ہونے کے باعث شہریوں کو اشیائے خورد و نوش میں زیادہ اشیائے دستیاب نہیں ہورہی ہیں اسی لئے شہریوں کا رجحان کم ہونے لگا ہے ۔بگ باسکٹ اور امیزان کی جانب سے اشیائے ضروریہ‘ اجناس اور ترکاریوں کی سربراہی سے لوگوں کے استفادہ کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔