تیجسوی یادو کو ڈپٹی چیف منسٹر کس نے بنایا تھا ؟ نتیش کا سوال

,

   

تحریک تشکر پر مباحث۔ قائد اپوزیشن کے الزامات پر چیف منسٹر بہار آپا کھو بیٹھے

پٹنہ ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار آج ریاستی اسمبلی میںقائد اپوزیشن تیجسوی یادو پر برس پڑے جبکہ تیجسوی نے ان کے خلاف فوجداری مقدمات کاحوالہ دیا تھا ۔ واضح رہے کہ دونوں جماعتوں کے مابین اسمبلی انتخابات میں سخت مقابلہ ہوا تھا جس میں ایک دوسرے پر شدید تنقیدیں بھی کی گئی تھیں۔ چیف منسٹر نتیش کمار نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تیجسوی جھوٹ بول رہے ہیں۔ وہ نامناسب بات کر رہے ہیں۔ وہ سنتے رہے کیونکہ تیجسوی ان کے ایک دوست ( لالو پرساد یادو ) کے فرزند ہیں اور یہ دوست ان کے بھائی جیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تنقیدوں کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ تیجسوی کو ڈپٹی چیف منسٹر کس نے بنایا ؟ ۔ نتیش کمار نے 2017 میں دونوں جماعتوں میں دوریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تیجسوی کے خلاف الزامات تھے انہوں نے وضاحت طلب کی تھی ۔ تیجسوی نے کوئی جواب نہیں دیا اس لئے انہوںنے تعلقات ختم کرلئے ۔ نتیش کمار کی برہمی اس وقت زیادہ ہوگئی جب تیجسوی یادو نے دن میں دوسری مرتبہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات کا حوالہ دیا ۔ تیجسوی یادو نے انتخابات کے دوران نتیش کمار کی ایک تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے لالو پرساد یادو کے زیادہ بچوں کا حوالہ دیا تھا اور کہا تھا کہ لالو نے بیٹے کی خواہش میں زیادہ بچے پیدا کئے ہیں۔ تیجسوی یادو نے اسمبلی میں اس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شائد چیف منسٹر جانتے ہیں کہ ان کے والدین کی آخری اولاد لڑکی ہے ۔ تیجسوی کے ایک بھائی تیج پرتاپ بھی رکن اسمبلی ہیں۔ تیجسوی نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ چیف منسٹر نتیش کمار کو صرف ایک لڑکا ہے ۔ کیا یہ کہا جاسکتا ہے کہ انہوں نے لڑکی پیدا ہونے کے خوف سے دوسرا بچہ پیدا نہیں کیا ؟ ۔ تیجسوی نے گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر میں حصہ لیتے ہوئے یہ ریمارکس کئے تھے اور ریاست کی صورتحال پر روشنی ڈالی تھی ۔ تیجسوی کے الزامات پر نتیش کمار نے برہم جواب دیا ہے ۔