تین دن انتظار کے بعد تلنگانہ وزراء سے پیوش گوئل کی ملاقات

   

مسئلہ کی یکسوئی تک دہلی میں قیام کرنے ریاستی وزراء کا اعلان
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل نے تین دن کے انتظار کے بعد آخر کار تلنگانہ کے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کو ملاقات کا موقع دیا۔ تلنگانہ سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر تحریری تیقن حاصل کرنے کیلئے ریاستی وزراء کا وفد ہفتہ سے نئی دہلی میں مقیم ہے لیکن مرکزی وزیر نے ملاقات کا وقت نہیں دیا تھا۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی اور راجیہ سبھا میں پارٹی لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی قیادت میں وفد نے تقریباً 45 منٹ تک پیوش گوئل سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ انہوں نے تلنگانہ سے دھان کے حصول کیلئے تحریری طور پر تیقن دینے پر زور دیا۔ وزراء نے کہا کہ مرکزی حکومت دھان کی خریدی کے مسئلہ پر متضاد بیانات جاری کررہی ہے جس کے نتیجہ میں کسانوں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ پیوش گوئل نے آئندہ دو دن میں تحریری تیقن دینے سے اتفاق کیا۔ وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے واضح کردیا کہ کسانوں کے مسئلہ پر ٹی آر ایس سیاسی جدوجہد کرنے کیلئے تیار ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ ریاست نے کسانوں کیلئے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ پیوش گوئل نے ٹی آر ایس قائدین کو بتایا کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے تلنگانہ سے معاہدہ کے مطابق دھان کی خریدی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزراء نے خریف کی مابقی دھان کے علاوہ آئندہ ربیع سیزن کی پیداوار حاصل کرنے کے واضح تیقن پر زور دیا۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ کسانوں میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے مرکز سے تحریری تیقن ضروری ہے۔ پیوش گوئل سے ملاقات کرنے والوں میں ریاستی وزراء اے دیاکر راؤ، جی کملاکر، پی اجئے کمار کے علاوہ ارکان پارلیمان این ناگیشور راؤ، رنجیت ریڈی، کے آر سریش ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر نے دو دن کا وقت مانگا ہے اور ہم مسئلہ کی یکسوئی کے بعد ہی دہلی سے واپس ہوں گے۔ر