لکھنؤ : گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر غازی آباد کے ایک پرائیویٹ کالج کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں ایک طالب علم اسٹیج پر ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لگا رہا تھا، اور پھر اسے ایک خاتون ٹیچر اسٹیج سے اتر کر باہر جانے کو کہتی ہے۔ خاتون ٹیچر نے طالب علم کو ڈانٹتے ہوئے اسے ’گیٹ آؤٹ‘ کہتے ہوئے اسٹیج سے اتار دیا تھا۔ اب اس معاملے میں کالج انتظامیہ کی طرف سے سخت قدم اٹھاتے ہوئے خاتون ٹیچر کو معطل کر دیا گیا ہے۔اے بی ای ایس کالج غازی آباد کے ڈائریکٹر سنجے کمار سنگھ نے ایک ویڈیو جاری کر بتایا ہے کہ ’’میری جانکاری میں کل ایک ویڈیو آئی تھی۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ہم نے ایک اعلیٰ سطحی جانچ کمیٹی تشکیل دی۔ کالج انتظامیہ کی طرف سے کمیٹی کو 24 گھنٹے کے اندر اپنا مشورہ دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔ کمیٹی کے مشورہ کی بنیاد پر دو فیکلٹی ممبر کو کالج سے معطل کر دیا گیا ہے۔ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ ان کا سلوک مناسب نہیں پایا گیا۔‘‘واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جمعہ کے روز مذکورہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو کہ غازی آباد واقع اے بی ای ایس کالج کی تھی۔
ایک ثقافتی پروگرام کے دوران اسٹیج سے ایک طالب علم نے ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لگایا۔