جئے شنکر ۔ پامپیو ملاقات میں دہشت گردی ،ایران سرفہرست

   

H1-B
ویزا پر بھی غور ہوگا ، خطہ میں کشیدگی کے درمیان امریکی وزیر کا دورۂ ہند
گاندھی نگر25جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ امریکہ مائیک پامپیو اور وزیر خارجہ ہند جئے شنکر کی آج نئی دہلی میں ملاقات ہوئی جس میں دہشت گردی،
H1-B
امریکی ویزا ، ایران سے تیل کی خریداری اور امریکی ایران پر تحدیدات کے نتیجہ میں اُبھر آنے والی صورتحال ایجنڈہ میں سرفہرست رہے۔ مودی حکومت کی اقتدارمیں واپسی کے بعد کسی امریکی وزیر کے ہندستان کے پہلے دورہ کے طورپر آج سے شروع ہورہے وزیر خارجہ مائیک پامپیو کے تین روزہ دورہ کو نہایت اہم قرا ر دیتے ہوئے ان کے ہندستانی ہم منصب ایس جے شنکر نے آج کہاکہ امریکہ اور ایران کے مابین موجودہ حالات میں ہندستان اپنے قومی مفاد کی بنیاد پر ہی کوئی موقف اختیار کرے گا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ، ایران دونوں سے ہندوستان کے اچھے تعلقات ہیں اور ان کے بیچ کی کشیدگی ان مشکل بین الاقوامی امور میں سے ایک ہے جو ہندوستان کو درپیش ہیں۔ جے شنکر نے حکمراں بی جے پی کے امیدوار کے طورپر گجرات میں راجیہ سبھا کے ضمنی انتخابات کے لئے نامزدگی کے بعد ریاستی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس معاملہ میں ہندستان کا موقف قومی مفاد سے وابستہ ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پامپیو کا دورہ بہت اہم ہے ۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ ہندستان تجارتی ڈیوٹی سے متعلق تنازعہ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہاکہ اس طرح کا تنازعے کبھی کبھی پیدا ہوجاتے ہیں۔

مائیک پامپیو کی ہندوستان آمد
اس دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو منگل کو نئی دہلی پہونچے جہاں وہ اعلیٰ ہندوستانی قیادت کیساتھ بات چیت کرینگے ۔ لوک سبھا چناؤ کے بعد کسی بھی ملک سے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔پامپیو کا دورہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹر مپ اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان جاپان میں 28 جون سے
G20
سمٹ کے موقع پر میٹنگ سے قبل ہورہا ہے۔