حیدرآباد ۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے گذشتہ سال جائیداد ٹیکس بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے ناکارہ چیکس جاری کرنے والے جائیداد مالکین کیخلاف کارروائی کرنا شروع کردیا ہے۔ لیگل ٹیم سے صلاح و مشورہ کے بعد ان لوگوں کو نوٹسیں روانہ کئے جارہے ہیں جن کے چیک باؤنس ہوگئے ہیں۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ باونسڈ چیکس کارپوریشن کیلئے ہر مالیاتی سال کے ختم پر ایک مسئلہ ہوتا رہا ہے لیکن اس پر کبھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس سال باونسڈ چیکس کی وجہ تقریباً 10 کروڑ روپئے کی رقم دصول نہیں ہوپائی ہے۔ ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط کیساتھ کہا کہ اس سال کمشنر جی ایچ ایم سی نادہندگان کیخلاف کارروائی کیلئے نہایت سنجیدہ ہیں، اس لئے ہم نے نوٹسیں جاری کرنا شروع کیا ہے۔ نوٹس کے جواب کی اساس پر ہم ڈیفالٹرس کے خلاف فوجداری مقدمات دائر کریں گے۔