جادھو پور یونیورسٹی میں مرکزی وزیر کیساتھ ذلت آمیز سلوک

   

’’حملہ آور بزدل اور غنڈے، ان کا بہت جلد پتہ چلایا جائے گا‘‘: بابل سپریو
کولکاتا۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جادھو پور یونیورسٹی میں ذلت آمیز سلوک کے ایک دن بعد مرکزی وزیر بابل سپریو نے جمعہ کے دن اپنے اوپر حملہ کرنے والوں کو بزدل اور غنڈے قرار دیا اور کہا کہ ان کا بہت جلد پتہ چلالیا جائے گا مگر ان کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی ’’ذہنی طور پر درستگی‘‘ کی جائے گی۔ انہوں نے ایک طالب علم کی جانب سے ایک تصویر میں سر کے بالوں سے کھینچے جانے کا ٹوئٹ دکھاتے ہوئے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ممتا بنرجی کی حکومت ان کے سرکے بال کھینچنے والے طالب علم کے ساتھ کیا سلوک کریں گی۔ جس نے یہ حرکت بلا اشتعال کی ہے۔ جمعرات کے دن یونیورسٹی کے احاطہ میں ان پر حملے کی تصویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے حملہ کیا ہے بہت جلد ان کا پتہ چلایا جائے گا۔ مرکزی مملکتی وزیر ماحولیات جادھو یونیورسٹی میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی جانب سے منعقدہ ایک سمینار کو مخاطب کرنے گئے تھے۔ بابل سپریو کو ان کی یونیورسٹی میں آمد پر سیاہ جھنڈیاں دکھائی گئیں اور طلباء کے ایک گروپ نے ان کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ انہیں یونیورسٹی کے احاطہ سے باہر نہیں نکلنے دیا گیا۔ مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر فوری انہیں وہاں سے نکالنے کے لیے کیمپس پہنچ گئے۔ پولیس اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے سمجھانے بجھانے پر طلباء نے یونیورسٹی کی رکاوٹیں دور کیں اور اس طرح ریاستی گورنر اور منسٹر وہاں سے روانہ ہوئے۔