جاسوسی میں ملوث پاکستان ہائی کمیشن کے 2عہدیدار برطرف

   

نئی دہلی ۔ /31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے جاسوسی کے الزام میں پاکستان ہائی کمیشن کے دو عہدیداروں کو برطرف کردیا جنہیں جاسوسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ دہلی پولیس اسپیشل سیل کے عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اتوار کی صبح دہلی کے قرول باغ کے بیکانیر والا چوک پر پاکستان ہائی کمیشن کے 3 عہدیداروں 42 سالہ عابد حسین عابد(اسسٹنٹ) ،44 سالہ محمد طاہر خان (کلرک) اور 36 سالہ جاوید حسین (ڈرائیور) کو گرفتار کیا گیا جو ہندوستانی سکیورٹی یا ادارہ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ان پر نظر رکھی جارہی تھی ۔ تفتیش کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ پاکستان ہائی کمیشن کے عہدیدار ہیں اور انٹر سرویسیس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) کیلئے کام کرتے ہیں ۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ حکومت نے عابد حسین عابد اور طاہر خان کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے جو پاکستان ہائی کمیشن کی ویزا سیکشن میں کام کرتے تھے ۔ حکومت نے انہیں ناپسندیدہ اشخاص قرار دیا اور اندرون 24 گھنٹے ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ۔ پاکستان کی جانب سے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔