جالندھر کی ترقی کیلئے عآپ کی پانچ ضمانتوں کا اعلان

   

جالندھر: عام آدمی پارٹی پنجاب کے صدر امن اروڑہ نے جالندھر میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے مہم کا آغاز کرکے شہر کی ترقی کیلئے پانچ ضمانتوں کا اعلان کیا اور کہا کہ پارٹی اقتدار سنبھالنے کے بعد ان وعدوں کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریگی۔ اروڑا نے کہا کہ گورننس میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام پراجیکٹ بغیر کسی تاخیر شروع ہوں گے ۔ بڑھتی آلودگی سے نمٹنے اور عوامی نقل و حمل کو بہتر بنانے عآپ نے جدید چارجنگ اسٹیشنوں کی مدد سے شہر میں 100 الیکٹرک بسیں شروع کرنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آلودگی میں کمی آئیگی اور جالندھر کے باشندوں کیلئے نقل و حمل کی سہولت میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جالندھر میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے ہر گھر میں پینے کے پانی کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے شہر کی خستہ حال پانی کی پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے اور اپ گریڈ کرنے کا خصوصی منصوبہ بنایا جائے گا۔ ٹریفک کو کم کرنے بڑے پیمانے پر پارکنگ سہولیات تیار کریگی اور سیکورٹی بڑھانے تمام بڑے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ عام لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔