نئی دہلی۔ 4 جنوری (سیاست ڈا ٹ کام) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 9 جنوری سے سمسٹر امتحانات کا آغاز ہوگا۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف کیمپس میں احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد یہ یونیورسٹی وسط ڈسمبر میں بند کردی گئی تھی اور انتظامیہ نے 5 جنوری تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا نیز کشیدہ صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام امتحانات منسوخ کردیئے گئے تھے۔ جامعہ کے ذمہ داروں نے کہا ہے کہ سرمائی تعطیلات کے بعد 6 جنوری کو کشادگی مقرر ہے۔ اکثر پوسٹ گریجویٹ کورسیس کے مابقی تمام سیمسٹر امتحانات 9 جنوری سے شروع ہوں گے۔ انڈر گریجویٹ کورسیس کے امتحانات 16 جنوری سے شروع ہوسکتے ہیں۔ اولیائے طلبہ اور والدین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تواریخ پر امیدواروں کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.jmi.ac.in اور www.jmicoe.in پر مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ الجھن اور افواہوں یا سوشیل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط اطلاعات سے محفوظ رہیں۔