جامعہ ہمدرد میں کھیل اور ثقافتی ہفتہ کا پر جوش انعقاد

   

طلبہ نے مہینوں کی محنت کے بعد نظم و ضبط اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا

نئی دہلی: جامعہ ہمدرد میں کافی عرصہ سے متوقع کھیل اور ثقافتی ہفتہ یونیورسٹی کیمپس میں 19 فروری سے 26 فروری 2024 تک یونیورسٹی اسپورٹس کمپلیکس اور مختلف انڈور مقامات پر منعقد ہوا۔اس سال گزشتہ تقریبات کے مقابلے تمام تقاریب بڑی شان و شوکت سے منعقد کی گئیں۔تقریب کا افتتاح 19 فروری کی بارونق صبح کو وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم اور جناب ساجد احمد، سی ای او اور سیکرٹری، ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن- (ایچ ای سی اے ) نے کیا۔ ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر ڈاکٹر ریشما نسرین نے طلباء، فیکلٹی ممبران اور معزز مہمانوں کے بہت بڑے اجتماع کا خیر مقدم کیا۔ آٹھ دن تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ادبی و ثقافتی، موسیقی اور تخلیقی تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا۔ کھیلوں میں شریک کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔ طلباء نے مہینوں کی محنت سے حاصل کردہ نظم و ضبط اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ طلباء میں اسپورٹس مین شپ کا بھر پور جذبہ دکھائی دیا جس کے تحت یونیورسٹی کا ماحول خوشی اور مسرت سے لبریز نظر آیا۔مختلف تقریبات کی وسعت اور شرکاء کی کثیر تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اختتامی تقریب کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا۔ 25 فروری کو کھیلوں کے مقابلوں میں جیتنے والوں اور شرکاء کو مبارکباد دینے کیلئے پہلی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی شری بی شنکر جیسوال، جوائنٹ کمشنر، دہلی پولیس تھے ۔ مہمان خصوصی جناب ساجد احمد، سی ای او اور سیکرٹری، ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن۔ (ایچ ای سی اے ) شامل ہوئے ۔ شام گلوکار، موسیقار اور نغمہ نگار کابل بخاری اور اسٹینڈ اپ کمیڈین حسیب خان کی پرفارمنس سے منور ہوئی۔تقریب کی صدارت چانسلر جناب حماد احمد نے کی اور شریک صدارت وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے کی۔