جامع مسجد سرینگر میں دوسرے جمعہ کو بھی نماز کی اجازت نہ ملی

   

سرینگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے لگاتار دوسرے جمعہ کو بھی تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن عائدکرنے کو بلا جواز قرار دیا ہے ۔اوقاف نے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ کی طرف سے انہیں مطلع کیا گیا کہ وہ جامع مسجد کے تمام دروازے بند کر دیں اور نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے نہ کھولیں۔اس دوران میرواعظ نے ریاستی انتظامیہ کی طرف سے انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے اورانہیں گھر میں نظر بند کرنے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلسل دوسری بار نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا اور ابھی گزشتہ دنوں ہی چار سال کی نظر بندی کے بعد انہیں جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے کی اجازت دی گئی لیکن 15 اکتوبر سے وہ مسلسل گھر میں نظر بند ہیں۔