پوری۔9 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام)ناقابل شکست جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک 11سالہ لڑکی نے اپنے چھوٹے بھائی کو دیوی کنڈلی گاؤں میں چیتا کے پنجے سے بچالیا اور اس کوشش میں لڑکی شدید زخمی ہوگئی ۔ یہ واقعہ 4 اکٹوبر کو پیش آیا جب راکھی نامی ایک لڑکی نے جو اپنے چار سالہ بھائی کے ساتھ گھر کے باہر کھیل رہی تھی دیکھا کہ ایک چیتا نے اس کے بھائی پر حملہ کردیا ہے ،اس نے ڈر کر بھاگنے کے بجائے اپنے بھائی کے اوپر اوندھا لیٹ کر اسے زخمی ہونے سے بچالیا ۔ بچہ کو اگرچہ کوئی نقصان نہیں پنچا لیکن لڑکی چیتا کے حملہ میں بری طرح زخمی ہوگئی ۔ گاؤں والوں نے وہاں اکٹھا ہوکر چیتا کو جنگل میں بھگا دیا ۔ مذکورہ لڑکی کو قریب کے دواخانہ میں شریک کروایا گیا ۔ اس کے بعد اس کے زخموں کی سنگینی کو دیکھ کر اس دہلی میں ایک سرکاری دواخانہ میں منتقل کیا گیا لیکن اس دواخانہ نے اس لڑکی اور اس کی خالہ کو گیٹ سے ہی واپس کردیا ۔ انہوں نے اترپردیش کے وزیر سیاحت اور مقامی رکن اسمبلی سے درخواست کی ، ان کی مداخلت پر رام منوہر لوہیا دواخانہ میں اس لڑکی کو شریک کروایا گیا جہاں وہ اب خطرہ سے باہر بتائی گئی