جانشین کا فیصلہ میں نہیں ‘ پارٹی کریگی : راہول گاندھی

   

نئی دہلی 20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی عہدہ پر برقراری کے تعلق سے جاری قیاس آرائیوں کے دوران آج خود انہوں نے کہا کہ ان کے جانشین کے تعلق سے فیصلہ وہ نہیں بلکہ پارٹی کریگی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جانشین کے تعلق سے فیصلہ کرنا ان کا کام نہیں بلکہ پارٹی کا ہے ۔ راہول گاندھی لوک سبھا انتخابات میں اپنی پارٹی کی بدترین شکست کے بعد اپنے استعفی کے فیصلے پر اٹل ہیں تاہم پارٹی کے اعلی پالیسی ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ان کے استفعی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ تمام سطحوں پر پارٹی کی تنظیم جدید عمل میں لائیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ وہ اب بھی اس بات پر قائم ہیں کہ رافیل معاملت میں چوری ہوئی ہے ۔ راہول گاندھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے خطاب میں رافیل کے تذکرہ کے تعلق سے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ رافیل معاملت میں چوری ہوئی ہے ۔