جانوروں کی منتقلی میں روکاوٹوں کو دور کرنے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کا تیقن

   

جمعیت القریش کے وفد کی ملاقات، فرقہ پرست تنظیموں کی سرگرمیوں سے تاجروں کو نقصان
حیدرآباد۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے جمیعت القریش حیدرآباد کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ شہر کے مضافاتی علاقوں اور پڑوسی ریاستوں کی سرحدوں پر جانوروں کی منتقلی میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے ضلع ایس پیز کو ہدایات جاری کریں گے۔ جمعیۃ القریش کے صدر و صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی قیادت میں جمعیت کے جنرل سکریٹری محمد منیر قریشی، خازن ایم اے لطیف، جوائنٹ سکریٹری غوث الدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت کی کہ غیر سماجی عناصر اور بعض فرقہ پرست تنظیموں کی جانب سے حیدرآباد منتقل کئے جانے والے چھوٹے اور بڑے جانوروں کو روک کر ضبط کیا جارہا ہے۔ تاجرین کو فرقہ پرست طاقتوں کی سرگرمیوں سے بھاری نقصانات کا سامنا ہے جبکہ وہ تمام قانونی دستاویزات کے ساتھ جانوروں کو منتقل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی جانب سے فروخت کئے جانے والے جانوروں کا ڈاکٹرس سے سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہوئے منتقل کیا جاتا ہے۔ وفد نے بتایا کہ حیات نگر، راجندر نگر رنگ روڈ، پہاڑی شریف، بھونگیر، ورنگل، محبوب نگر، نلگنڈہ اور دیگر علاقوں میں مختلف فرقہ پرست تنظیموں کے کارکن لاری ڈرائیورس کو مار پیٹ کرتے ہوئے جانوروں کو پولیس کے حوالے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ہراساں کرنے کے واقعات پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔ وفد نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں سے منتقل کئے جانے والے جانوروں کی منتقلی کو آسان بنانے کیلئے ضلع ایس پیز کو ہدایات جاری کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر عدالت کے احکامات کے باوجود پولیس نے ضبط شدہ جانوروں کو واپس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت القریش حکومت کے احکامات کی مکمل پابند ہے اور گائے کے بجائے دیگر جانوروں کو جنہیں ذبح کرنے کی قانونی اجازت ہے منتقل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی اور ضبط کرنے کے واقعات کے سبب گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جو عوام پر ایک بوجھ ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے ضلع ایس پیز کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ ہراسانی کے واقعات کا سختی سے نوٹ لیا جائے گا اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔