جاپان میں کتوں کی سیر و تفریح کیلئے خصوصی بلٹ ٹرین

   

ٹوکیو : جاپان کی بلٹ ٹرینوں میں عام طور پر کتوں کو پنجرے میں بند ہو کر سفر کرنا پڑتا ہے، لیکن ہفتہ کے روز پالتو جانوروں کے لیے خصوصی ٹرین چلائی گئی تاکہ وہ باہر کے مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹوکیو میں ریلوے سٹیشن سے 21 کتے اپنے مالکان کے ساتھ ایک تفریحی مقام تک جانے کے لیے سوار ہوئے۔یوکاری سینو نے اپنی گود میں موجود پالتو کتے پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ہم اکثر اکٹھے سفر کرتے ہیں، لیکن ماضی اپنے کتے کو پنجرے میں بند رکھنے پر مجھے بْرا محسوس ہوتا تھا۔‘یوکو اوکوبو کا کہنا تھا کہ ’یہاں گھر جیسا ماحول ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم کسی پریشانی کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔‘ریلوے اہلکار شینو فروکاوا نے کہا کہ ’ہم مستقبل میں اس طرح کی مزید ٹرینیں متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ ہمیں لوگوں کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئیں کہ وہ ٹرین پر اپنے کتوں کے ساتھ پرسکون وقت گزارنا چاہتے ہیں۔‘’ہم ایک ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جہاں اپنے کتوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہ سکیں جو ان کے خاندان کا حصہ ہیں۔ یہ جانور دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب پہلا بڑا قدم ہے۔