جدہ میں حیدرآبادی انجینئر دھوکہ دہی کا شکار

   

جدہ۔ 2 نومبر (پریس نوٹ) جدہ میں طویل عرصہ سے مقیم حیدرآبادی انجینئر ایک فون کال کی وجہ سے اپنی ساری جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تفصیلات کے بموجب انہیں ایک فون کال وصول ہوا اور فون کرنے والے نے خود کو سرکاری ملازم ہونے کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ ان کے توکلنا ایپ کے موقف کو اپ ڈیٹ کرنا چاہتا ہے۔ اس نے بتایا کہ منسٹری یوزرس کے ڈاٹا کو اپ ڈیٹ کررہی ہے جس کے لئے ان کی معلومات چاہئے۔ ابتداء میں تو انجینئر کو شک ہوا لیکن کالر نے انہیں مطمئن کیا۔ اگرچہ انہوں نے اپنی نجی معلومات شیر نہیں کیں لیکن او ٹی پی شیر کردیا۔ دوسرے دن بھی کالر نے اپنے حقیقی ہونے کے بہانے سے فون کیا تاہم انجینئر کو شک ہوا اور انہوں نے فون کاٹ دیا۔ انجینئر کو اس وقت حیرت ہوئی جب شام میں ان کا فون بند ہوگیا۔ وہ سیدھے ٹیلی کام سرویس پروائڈر سے رجوع ہوئے جہاں انہیں پتہ چلا کہ ان کا سم کارڈ دوسرے ٹیلی کام پروائڈر کو منتقل ہوگیا۔ دھوکہ باز نے مبینہ طور پر اسی نمبر سے ڈپلکیٹ سم کارڈ حاصل کیا اور تمام معاملتوں کے لئے اس کا استعمال کیا۔ انجینئر جب اپنے بینک کو پہنچے تو بہت دیر ہوچکی تھی اور وہ اپنی ساری جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ انہوں نے دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی پولیس میں شکایت درج کروائی۔