بین ریاستی دھوکہ باز گرفتار
حیدرآباد۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) حیدرآباد نے بین ریاستی بدنام زمانہ دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو دبئی اور سری لنکا سے سونا امپورٹ کرنے کے بہانے کروڑہا روپے کے رقومات ہڑپ لئے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سی سی ایس چیتنیا کمار نے بتایا کہ کے لکشمی کانت ریڈی نے صنعت نگر کے ساکن راکیش بلرام گوڑ سے دبئی اور سری لنکا سے کم قیمت میں سونا امپورٹ کرنے کے بہانے دو کروڑ روپے کی رقم حاصل کرلی تھی۔ درخواست گذار کو یقین دلانے کے لئے دھوکہ باز نے واٹ ایپ پر سونے کے بسکٹس کی شپ منٹ کے ویڈیوز بتائے اور اس میں سرمایہ کاری کے بہانے دو کروڑ روپے کی نقد رقم حاصل کرلی۔ سی سی ایس پولیس نے بتایا کہ کے لکشمی کانت ریڈی ایک عادی دھوکہ باز ہے اور اس کے خلاف سابق میں مہنکالی، رائے درگم، کے پی ایچ بی، مادھاپور، کوئل کنڈہ اور پندرتی (وشاکھاپٹنم) میں اسی قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث رہا اور ان مقدمات میں اس کے خلاف چارج شیٹس بھی داخل کی گئی ہیں۔ سی سی ایس پولیس نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہے کہ کم وقت میں زیادہ رقم کے فائدہ کے لالچ میں سرمایہ کاری کرنے سے قبل تحقیقات کرلیں۔ گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔ ب؍F
بین ریاستی گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب
گانجہ ضبط ، ایک شخص گرفتار ، ریلوے پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وشاکھاپٹنم سے نئی دہلی منتقل کئے جارہے ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کا ریلوے پولیس نے پردہ فاش کردیا ۔ ایک شخص کو گرفتار کرتے ہوئے ریلوے پولیس نے 16.92 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت 8,46,000 روپئے بتائی گئی ہے ۔ ریلوے پولیس کے مطابق 20 سالہ آکاش سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ آکاش اپنے ساتھی کے ہمراہ مشتبہ انداز میں ریلوے اسٹیشن پر گھوم رہا تھا ۔ آکاش کا تعلق جونپور ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے ۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں جعفر اور میاں ساکناں مغربی بنگال اور منیش ساکن بہار مفرور بتائے گئے ہیں ۔ جب کہ آکاش ساکن یو پی کو گرفتار کرلیا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق آکاش کو گانجہ منتقل کرنے کے لیے ہر مرتبہ 15 ہزار روپئے دئیے جاتے تھے ۔ 24 جولائی کو جعفر کی ہدایت پر آکاش وشاکھا پٹنم آیا اور گانجہ حاصل کرلیا ۔ اس گانجہ کو دہلی میں میاں کے حوالے کیا پھر 26 جولائی کو آکاش وشاکھا پٹنم پہونچا اور جعفر سے ملاقات کی ۔ جعفر نے آکاش سے منیش کی ملاقات کروائی اور دو کالج بیاگ ان کے حوالے کردیا جس میں 16 کیلو گانجہ موجود تھا ۔ آج حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فام نمبر 4 پر ریلوے پولیس نے آکاش کو گرفتار کرلیا ۔۔ ع m/b
اپل میں ملاوٹی پنیر ضبط ، اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد حدود میں ملاوٹی اشیاء کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ سخت اقدامات کے باوجود غذائی اشیاء میں ملاوٹ ناقص اور نقصان دہ اشیاء فروخت کرنے والے اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اپل نے اس طرح کی ایک کارروائی میں 600 کیلوپنیر کو ضبط کرلیا ۔ ایس او ٹی اپل نے ایک اطلاع پر میڑپلی پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں اس ٹھکانے کا پردہ فاش کردیا جہاں ملاوٹی کاروبار جاری تھا ۔ جب پولیس نے پنیر کے تعلق سے دریافت کیا تو پولیس بھی خود حیرت کا شکار ہوگئی ۔ پنیر کی بڑی مقدار پائی گئی جس پر نہ کوئی تیار کردہ تاریخ تھی اور نہ ہی اس کی ایکسپائری کے متعلق کوئی تفصیل درج تھی ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے اس 600 کیلو پنیر کو ضبط کرلیا اور میڑپلی پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے پنیر کے علاوہ 2 آٹوز ، 2 سیل فون اور 2 وائنگ مشین کو ضبط کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور پنیر کی برآمد اور تیاری کے تعلق سے تحقیقات جاری ہیں ۔۔ ع m/b
گھر کی جمع رقم بچوں کے نام کرنے کے مطالبہ کے ذریعہ ایک شخص کی خود کشی
بیوی پر بے وفائی اور سسرالی رشتہ داروں پر دھوکہ دہی کا الزام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : گھر کی جمع رقم کو بچوں کے نام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک شخص نے خود کشی کرلی ۔ بیوی پر بے وفائی اور سسرالی رشتہ داروں پر دھوکہ دہی کا الزام لگاتے ہوئے سیلفی ویڈیو تیار کیا اور پھر خود کشی کرلی ۔ عنبر پیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 44 سالہ سلطان نے خود کشی کرلی ۔ سلطان پیشہ سے میوہ فروش جو عمر نگر علاقہ میں اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ رہتا تھا ۔ سلطان گذشتہ چند روز سے پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا ۔ سیلفی ویڈیو ریکارڈنگ کی پولیس جانچ کررہی ہے جس میں سلطان نے اپنے ساس ، خسر اور بیوی پر سنگین الزامات لگائے ہیں بیوی پر بے وفائی اور ساس خسر پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سلطان ہر ماہ بیوی کو 5 تا 6 ہزار روپئے دیا کرتا تھا تاکہ اس رقم کو لڑکی کے نام پر پوسٹ آفس میں جمع کروایا جائے لیکن جب اس نے پوسٹ آفس میں کھاتہ کی جانچ کی تو صرف 6 ہزار روپئے جمع تھے ۔ اس کے علاوہ سسرالی رشتہ داروں کو جو نظام آباد میں رہتے تھے پلاٹ کی خریداری کے لیے تین لاکھ روپئے دیا تھا انہوں نے پلاٹ کی کوئی خریداری نہیں کی بلکہ دھوکہ دیا ۔ ویڈیو میں سلطان کی جانب سے بیوی پر سنگین الزامات عائد کئے گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع m/b