جرمنی: کورونا ویکسین کی عنقریب منظوری ممکن

   

برلن : جرمن حکومت وسطِ دسمبر میں کورونا وائرس کی تیار کردہ ویکسین کی باضابطہ منظوری دے سکتی ہے۔ یہ ویکسین جرمن دوا ساز ادارے بائیو این ٹیک نے تیار کی ہے۔ جرمن وزیر صحت ڑینس اِشپان نے ملک کے بڑے دوا ساز ادارے بائیو این ٹیک کو کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے پر پرزور الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اس دوا ساز ادارے نے سب سے پہلے انسدادِ وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمن ادارے کو بین الاقوامی امریکی دوا ساز کمپنی فائزر کا مالی اور کلینیکل تعاون بھی حاصل رہا۔ ان دونوں کمپنیوں نے اپنی ویکسین کو امریکا میں مریضوں کو لگانے کی منظوری کی درخواست فیڈرل اینڈ ڈرگ ایجنسی (ایف ڈی اے) کو دے رکھی ہے۔ اس کا امکان ہے کہ ایف ڈی اے 10 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں ویکسین کو مارکیٹ کرنے کی اجازت دے دے گی۔ فائزر کے اعلامیے کے مطابق اس منظوری کے بعد 11 دسمبر کو شدید علیل مریضوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔ جرمن وزیر صحت ڑینس اِشپان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں اس ویکسین کے استعمال کی منظوری دسمبر کے وسط میں دینے کا یقینی امکان ہے۔ انہوں نے یہ بات باویریا کے ‘بائریشر رْنڈ فْنک‘ پبلک ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر صحت نے بھی اس ویکسین کو محفوظ اور مؤثر قرار دیا ہے۔