جسٹس اپریش کمار سنگھ تلنگانہ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کیلئے تین نئے ججس کا تقرر

   

حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے کالجیم نے چیف جسٹس بی آر گوائی کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں تریپورہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ کو تلنگانہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔تلنگانہ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کا عہدہ مخلوعہ ہے اور کارگزار چیف جسٹس کے طور پر سجے پال خدمات انجام دے رہے تھے۔ اپریش کمار سنگھ کا جنم 7 جولائی 1965 کو ہوا اور 1990 میں انہوں نے پٹنہ ہائی کورٹ میں پریکٹس کا آغاز کیا۔ 2001 میں وہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ منتقل ہوئے اور ایڈوکیٹ کی پریکٹس کی ۔ 2012 میں جسٹس اپریش کمار سنگھ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ۔ ڈسمبر 2022 تا فروری 2023 وہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس رہے ۔ 17 اپریل 2023 کو انہیں تریپورہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔ مرکزی وزارت قانون نے سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش کو منظوری دی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس سجے پال کا کلکتہ ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جھارکھنڈ ، مدراس اور راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا دیگر عدالتوں کو تبادلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں 21 ہائی کورٹ ججس کے تبادلے کئے گئے جن میں جسٹس سی سوما لتا اور جسٹس کے للیتا کا کرناٹک ہائی کورٹ سے تلنگانہ ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا ۔ پٹنہ ہائی کورٹ کے جسٹس ابھیشک ریڈی کا تلنگانہ ہائی کورٹ کو تبادلہ کیا گیا۔1