جسٹس بوبڈے 47 ویں سی جے آئی

,

   

نئی دہلی ۔ 18 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) جسٹس شرد اروند بوبڈے نے آج 47 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیا۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے اُنھیں راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں حلف دلایا۔ جسٹس بوبڈے ، جسٹس رنجن گوگوئی کے جانشین ہوں گے جو کل سبکدوش ہوئے ہیں۔ جسٹس بوبڈے کی میعاد 17 ماہ ہوگی اور وہ چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے 23 اپریل 2021 ء کو سبکدوش ہوں گے۔حلف لینے کے فوری بعد جسٹس بوبڈے نے اپنی ماں کے پیر چھوکر آشیرواد لیا۔ جسٹس بوبڈے کی ماں کو ایک اسٹریچر پر راشٹرپتی بھون تک لایا گیا ۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی ، سینئر وزراء اور اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ سابق نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ بھی حلف برداری تقریب میں شریک تھے ۔ سپریم کورٹ کے کئی سابق چیف جسٹس بشمول آر ایم لودھا ، ٹی ایس ٹھاکر اور اے ایس کہر بھی تقریب میں موجود تھے ۔ رنجن گوگوئی اور کئی مرکزی وزراء کے علاوہ سیاسی قائدین نے بوبڈے کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی ۔ شہ نشین پر چیف جسٹس آف جمیکا جسٹس بریان سایکس اور بھوٹان سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس کونیلے ٹیشرنگ بھی موجود تھے ۔