سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز جسٹس علی محمد ماگرے کو جموں وکشمیر اینڈ لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔جسٹس علی محمد ماگرے جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے 35 ویں چیف جسٹس مقرر ہوئے ۔موصوف جسٹس کی حلف برداری کی یہ تقریب یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر سینئر سیاسی لیڈر اور ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی، رکن راجیہ سبھا علی محمد کھٹانہ، جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی سابق چیف جسٹس گیتا متل، جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندارابی، سری نگر میونسپل کاپوریشن کے میئر جنید عظیم متو کے علاوہ ہائی کورٹ کے موجودہ و سابق جج صاحبان، جوڈیشل افسران، وکلا اور سول و پولیس محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔