جس آئین نے ریزرویشن دیا وہ خطرہ میں ہے

   

ہمیں بی جے پی کو سبق سکھانا ہوگا : لالو پرساد یادو

پٹنہ : راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کو مٹانے اور ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس نے محروم طبقات اور پسماندہ ذات کے لوگوں کو ریزرویشن دیا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں سارن لوک سبھا حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہیں۔ وہ اس لوک سبھا سیٹ سے کئی بار خود بھی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں سے اس بار ان کی بیٹی روہنی آچاریہ اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔لالو پرساد یادو نے مرکز میں حکمراں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کو مٹانے اور تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر آئین نہ ہوتا تو نہ ریزرویشن ہوتا اور نہ ہی جمہوریت۔ ہمیں ان لوگوں کو سبق سکھانا ہوگا جو آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کھلے عام یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو آئین کو تبدیل کر دیں گے لیکن پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے پر بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے بھی ریزرویشن پر نظرثانی کی بات کی تھی۔روہنی آچاریہ کی انتخابی مہم کے اس جلسے میں لالو پرساد یادو اپنی اہلیہ رابڑی دیوی کے ہمراہ تھے۔