جعفر آباد اور موج پور میں قیام امن کیلئے کجریوال کا وزیر داخلہ کو ٹوئیٹ

   

نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے سی اے اے کے خلاف شمال مشرقی دہلی میں جاری احتجاج اور تشدد کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انیل بیجل اورمرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے خواہش کی کہ وہ وہاں لاء اینڈ آرڈر قائم کروائیں۔ انہوںنے کہا کہ دہلی کے بعص علاقوں سے ملنے والی تشدد کی خبریں انتہائی تشویشناک ہیں۔ انہوںنے ٹوئیٹ کرتے ہوئے دونوں سے درحواست کی کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ وہاں قیام امن کے لئے فوری طور پر آگے آئیں۔ یاد رہے کہ جعفر آباد اور موج پور علاقوں میں احتجاجیوں کے ذریعہ چند مکانات اور فائر انجن کو جلا دینے کی خبریں آرہی ہیں جہاں سی اے اے کی حمایت اور مخالفت کرنے والے دو گروپس میں جھڑپیں ہورہی ہیں۔ جعفر آباد کے چاند باغ علاقہ سے بھی تشدد کی خبریں ملی ہیں۔