جعلی انڈین کرنسی کا ریاکٹ بے نقاب

   

حیدرآباد : یکم /نومبر(سیاست نیوز) گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور سکندرآباد ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی مشترکہ کارروائی میں سات لاکھ روپے مالیتی جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹوں کی منتقلی کرنے والے ریکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک انیس سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم جے پور سے حیدرآباد کے راستے ممبئی جعلی کرنسی لے جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار نوجوان کی شناخت سوہن مہیا کے طور پر ہوئی ہے، جس کا تعلق راجستھان کے ضلع بیکانیر سے ہے۔ چند ماہ قبل اس کی ملاقات اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان اوم پرکاش سے ہوئی۔ اوم پرکاش نے جعلی کرنسی ممبئی پہنچانے کے بدلے اسے بیس ہزار روپے کا وعدہ کیا تھا۔اٹھائیس اکتوبر کو جے پور ریلوے اسٹیشن پر اوم پرکاش نے اسے ایک بیگ حوالے کیا، جس میں جعلی کرنسی نوٹ موجود تھے۔ اسے ہدایت دی کہ وہ پہلے کاچی گوڑا ریلوے اسٹیشن پہنچے اور وہاں سے ممبئی روانہ ہو۔