بیوی اور عاشق نے شوہر کا قتل کردیا
مقتول اور قاتل کے درمیان دوستانہ تعلقات، ناجائز تعلقات میں تبدیل
حیدرآباد ۔ 16 مئی (سیاست نیوز) ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے شوہر کو خاتون نے عاشق کے ذریعہ قتل کروادیا۔ مقتول اور قاتل آپس میں اچھے دوست تھے اور قاتل مقتول کی بیوی کا عاشق تھا۔ پٹن چیرو پولیس نے ایک قتل کیس کی تحقیقات کے دوران قاتلوں کی گرفتاری کے بعد قتل کی ان وجوہات کو پیش کیا۔ پولیس نے 24 سالہ بی نوین ساکن پٹن چیرو اور 27 سالہ آر پرمیلہ ساکن متنگی متوطن وقارآباد کو گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز پٹن چیرو حدود میں ایک کارگو آٹو ڈرائیور آر شیکھر کا قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس پٹن چیرو نے تحقیقات کے دوران شبہ کی بنیاد پر نوین کی انکوائری اور اس کی بیوی کے بیانات کو حاصل کرنے کے بعد پٹن چیرو پولیس نے چند ٹکنیکل شواہد کو حاصل کرتے ہوئے نوین کو تحویل میں لے لیا اور نوین اور پرمیلا نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ نوین اور شیکھر کی گذشتہ چار سال سے دوستی تھی۔ نوین اکثر شیکھر کی رقمی مدد کرتا تھا۔ اس دوران شیکھر کے گھر آنا جانا رہتا تھا۔ شیکھر کی بیوی پرمیلا بھی ایک گودام میں کام کرتی تھی اور نوین پرمیلا سے ملنے گودام بھی جایا کرتا تھا۔ ان دونوں کے درمیان ناجائز رشتہ قائم ہوگیا۔ اس بات کا پتہ چلنے کے بعد شیکھر نے پرمیلا کو ہراساں کرنا شروع کردیا اور روزانہ کی ہراسانی اور مارپیٹ سے تنگ آ کر انہوں نے شیکھر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ ایک سازش کے تحت شیکھر کو مئے نوشی کیلئے طلب کرنے کے بعد نوین نے اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کردیا۔ پولیس پٹن چیرو نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ع
انڈین پریمیرلیگ ، ٹکٹوں کے نام پر سائبر دھوکہ بازوں کی سازش
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : انڈین پریمیر لیگ اب پلے آف مرحلے میں پہونچنے والا ہے اس دوران حیدرآباد اور بنگلور کے درمیان کھیلا جانا والا میاچ کافی دلچسپ ہوگیا ہے ۔ اس میاچ اور اس پر عوامی دلچسپی کی آڑ میں سائبر دھوکہ باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں ۔ اپل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میاچ کی ٹکٹوں کے نام پر سائبر دھوکہ بازوں کی سازشیں شروع ہوگئیں ہیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار نے اس سلسلہ میں عوام کو باور کیا اور سائبر دھوکہ بازوں کی جعلسازی آگاہ کرتے ہوئے چوکنا رہنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے اپنے سوشیل میڈیا اکاونٹ پر جاری کردہ بیان میں شہریوں کو باور کرتے ہوئے کہا کہ اپل کے میاچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کے نام پر دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ کم قیمت میں ٹکٹ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر سائبر دھوکہ باز عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ سرکاری طور پر معتبر اور مصدقہ ڈسٹریکٹ ایپ جیسے نقلی ایپ ہو بہ ہو اس ایپ جیسے لوگو اور رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے نقلی ایپ تیار کیا گیا اور اس کے ذریعہ دھوکہ دہی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میاچ کی خواہش میں کسی بھی غیر مصدقہ ایپ پر یقین نہ کریں ۔ سٹی پولیس کی جانب سے اس طرح کے نقلی ایپ کے چلن اور آپریٹنگ پر سخت نظر رکھی گئی ہے ۔۔ ع m/b
موبائل فونس سرقہ کرنے والی بین ریاستی ٹولی بے نقاب
چھ افراد بشمول مسروقہ فون خریدار گرفتار
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کنچن باغ پولیس نے ایک بین ریاستی موبائل سرقہ کرنے والی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں مسروقہ موبائل فون کی خریداری کرنے والا شخص بھی شامل ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چندرائن گٹہ ڈیویژن مسٹر اے سدھاکر نے ایک کانفرنس کے دوران بتایا کہ نریش ، چرنجیوی ، ارون ، سوری ، چندو اور موبائل فون ریسور سندیپ جیسول کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 172 موبائل کے ڈھانچے ( 132 ) مختلف اقسام کے بیاٹریز 73 کیمرے ، 14 اسمارٹ فون اور موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا ۔ اے سی پی کے مطابق یہ ٹولی مصروف ترین مقامات پر عوام کی توجہ ہٹاکر سرقہ کی واردات کو انجام دیا کرتی تھی ۔ حیدرآباد ملکاجگیری اور سائبر آباد کے علاوہ اضلاع میں بھی اس ٹولی نے کئی وارداتوں کو انجام دیا ۔ سندے جیسول ان مسروقہ فونوں کو 2 تا ڈھائی ہزار میں خریدا کرتا تھا اور موبائل خریدنے کے بعد اس کے پرزے پرزے الگ کردیا کرتا تھا اور اسمبل کرنے والے افراد کو فروخت کرتا تھا ۔ پولیس کے مطابق اس ٹولی کے مزید تین ارکان مفرور ہیں ۔ یہ ٹولی سال 2018 سے جرائم کو انجام دے رہی ہے ۔ تقریبا 1500 موبائل فون سرقہ میں ملوث ہونے کا پولیس کو شبہ ہے اور پولیس اس معاملہ میں مزید تحقیقات کررہی ہے ۔۔ ع m/b
منشیات کے بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش
آٹھ افراد بشمول فروخت کنندے اور خریدار گرفتار
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کمشنر ٹاسک فورس گولکنڈہ زون ٹیم نے منشیات کے ایک بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور 8 افراد بشمول منشیات فروخت کرنے والے اور گراہکوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 137.60 گرام ایم ڈی ایم اے ایک کرسٹل والو کار بیاکنگ مشین و اشیاء کے علاوہ 9 موبائل فون کل 26 لاکھ 80 ہزار 5 سو روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 19 سالہ شوبھم کمار مشرا 19 سالہ سوہم نائیک عرف جٹو ، 28 سالہ کلنگی راجیش ، 22 سالہ منتھون کمار ساکناں بالا نگر ، سائبر آباد اور 26 سالہ محمد ابرار الزماں ساکن ملے پلی ۔ 28 سالہ رشید بن حسین ساکن بارکس 27 سالہ خواجہ زوہیب الدین ساکن گولڈن ہائٹس راجندر نگر اور 24 سالہ عبدالشہباز ساکن آئی ڈی پی ایل کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس کے مطابق ابرار ، رشید ، خواجہ اور شہباز گراہک بتائے گئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق اصل سرغنہ شوبھم کمار مشرا اپنے بچپن کے ساتھی بی سائلی ،نکھل یادو کے ساتھ مل کر گانجہ استعمال کرتا تھا جس کے بعد وہ ایم ڈی ایم اے استعمال کرنے لگا ۔ مشرا اپنے ساتھی نکھل سے ایم ڈی ایم اے حاصل کرتا تھا ۔ نکھل سابق میں چلکل گوڑہ پولیس کی کارروائی کا شکار ہوچکا ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے ایک اور ساتھی راجیش کو اپنے ساتھ شامل کرلیا ۔ ابرار کے ذریعہ دیگر گراہک ان سے رابطہ میں آئے اور یہ چاروں گرفتار گراہک 2 تا 3 ہزار روپئے فی گرام ایم ڈی ایم اے خریدا کرتے تھے اس دوران حاصل خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس گولکنڈہ نے انہیں بے نقاب کردیا اور گرفتاری عمل میں لائی ۔۔ ع m/b
بین ریاستی سائبر دھوکہ بازوں کے ریاکٹ کا پردہ فاش
خود کو کریڈٹ کارڈ نمائندے ظاہر کرنے والے چھ افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 16 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کرائم پولیس نے ایک بین ریاستی سائبردھوکہ بازوں کے ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جو خود کو سٹی بینک کریڈٹ کارڈ کے نمائندے ظاہر کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہے تھے۔ سائبر کرائم پولیس نے بتایا کہ ڈی او ٹی ویریفکیشن کے نام پر ای ۔ سم کو فزیکل سم میں بدلنے کی ترغیب اور مشورہ دیا جاتا ہے اور اس بہانے اس دوران متاثرین کے سم پر آنے والے ایس ایم ایس اور او ٹی پی اور بنکنگ الرٹ کو دھوکہ باز حاصل کرلیتے ہیں۔ گراہکوں کو سم کارڈ بذریعہ کوریئر روانہ کرنے کا یقین دلایا جاتا ہے اور غیرمجاز طور پر تمام تفصیلات کو حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے ذریعہ آن لائن لوٹ لیا جاتا ہے۔ سائبر کرائم پولیس نے سیلم منڈل، سید ہاشم رضا، بنی دھر، عبدالعلیم، رحمان شیخ اور محبوب عالم انصاری کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق ریاست مغربی بنگال سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 15 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ع