جـــرائـــم و حـــادثــات

   

خاتون رہزن سمیت دو ملزمین گرفتار ‘ طلائی زیورات کے سرقہ کا الزام
حیدرآباد : /17 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سکندرآباد نے مارکٹ پولیس کی مدد سے دو ملزمین بشمول ایک خاتون رہزن کو گرفتار کرلیا جو خود کو میڈیکل پروفیشنل ہونے کا دعویٰ کرکے مریضوں کو بیہوشی کی دوا دے کر طلائی زیورات لوٹ لیا کرتی تھی ۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ جی سری شاہ جو ڈی فارما کی طالبہ ہے اور وقارآباد کی متوطن ہے اپنے شوہر ای سائی کمار کی مدد سے رہزنی کی وارداتیں انجام دے رہی تھی ۔ بتایا گیا کہ مذکورہ جوڑے نے مختلف دواخانوں میں زیرعلاج معمر خاتون مریضوں کے جسم سے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا کرتے تھے ۔ خود کو طبی ماہر ظاہر کرتے ہوئے معمر مریضوں کو بیہوشی کا انجکشن دے کر ان کے جسم سے قیمتی زیورات کا سرقہ کیا تھا ۔ /11 مارچ کو جی سری شاہ یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں داخل ہوکر مریض کو نشانہ بنائی تھی اور اس کے جسم سے قیمتی سونے کے زیور لوٹ کر فرار ہوگئی تھی ۔ ٹاسک فورس کو ٹولی کی اطلاع ملنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ب

سرمایہ کاروں کو بندوق سے دھمکانے اور جبرا وصولی کی کوشش
تین ملزمین گرفتار۔ شہر کا ایک رئیل اسٹیٹ تاجر بھی شامل
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) سرمایہ کاروں کو بندوق سے خوفزدہ کرنے اور جبراً وصولی کی کوشش میں ملوث 3 ملزمین بشمول شہر کے ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کو ٹاسک فورس گولکنڈہ زون نے مانصاحب ٹینک پولیس کی مدد سے گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ بندوق اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق 46 سالہ محمد افروز بیگ عرف شکیل ساکن روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز جو ریئل اسٹیٹ تاجر ہے اور ایم اے بی پراجکٹس کا پروپرائٹر ہے اس نے اپنے ساتھی رئیل اسٹیٹ تاجر ٹی بالا کشن ساکن بوڈاپل ضلع رنگاریڈی اور بہار سے تعلق رکھنے والے دودھ کے تاجر بٹو کمار کی مدد دیسی ساختہ پستول حاصل کیا۔ شکیل نے ابراہیم پٹنم میں اراضات میں سرمایہ کاری کی تھی اور اس کا ساتھی بالاکشن اس کے کاروبار میں مدد کیا کرتا تھا۔ شکیل نے کمپنی سرمایہ کاروں کو دھمکانے بالاکشن کی مدد سے بہار کے گوتم نامی شخص سے دیسی ساختہ پستول اور کارتوس حاصل کئے۔ اس ہتھیار کو کمپنی کے سرمایہ کاروں کو اس وقت دھمکانے استعمال کررہا تھا جب وہ سرمایہ کی رقم کی واپسی کا مطالبہ کررہے تھے۔ شکیل نے غیر قانونی طور پر دیسی ساختہ پستول خریدکر اپنے قبضہ میں رکھا اور اس کے ذریعہ کئی افراد کو جان سے مارنے کی دھمکی اور جبراً وصولی کیلئے دھمکا رہا تھا۔ اطلاع پر ٹاسک فورس گولکنڈہ ٹیم نے شکیل اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ایک دیسی ساختہ پستول، 18 کارتوس، ماروتی کار، موبائیل فون اور ہاکی اسٹک برآمد کرکے اسے مانصاحب ٹینک پولیس کے حوالہ کردیا۔ ب

سیل فون پر مسلسل مصروفیت
شوہر نے بیوی کا قتل کردیا
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) سیل فون نے ایک اور خاندان کو تباہ کردیا ۔ خاتون کی موبائیل فون پر مصروفیت خود اس کے قتل شوہر کو قاتل اور بچوں کو یتیم بنانے کا سبب بن گئی۔ قتل کی سنسنی خیز واردات صنعت نگر پولیس حدود میں پیش آئی جہاں 38 سالہ خاتون رینوکا کا اس کے شوہر نریش نے قتل کردیا ۔ نریش اور رینوکا فتح نگر میں اپارٹمنٹ میں اپنی تین لڑکیوں کے ساتھ رہتے تھے ۔ رینوکا کی فون میں مصروفیت نریش کے ذہن میں شبہات کا سبب بن گئی ۔ بیوی کی فون میں مصروفیت اور رویہ میں تبدیلی سے نریش برہم ہوگیا ۔ کل بھی ان کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ۔دونوں اپنی ضد پر تھے ۔ برہمی میں نریش نے ترکاری کاٹنے والی چاقو لے کر رینوکار پر حملہ کردیا اور گلا کاٹ کر قتل کردیا ۔ قتل کے بعد نریش فرار ہوگیا ۔ ع

باسی اور خراب چکن کی فروخت ‘ دوکان پر جی ایچ ایم سی و ٹاسک فورس کا دھاوا
حیدرآباد 17 مارچ : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد ٹاسک فورس اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی میں پارسی گٹہ کے علاقہ میں واقع ’ اے ون نریش چکن شاپ ‘ پر چھاپہ مارا اور بڑے پیمانے پر فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزی کا پردہ فاش کیا ۔ چھاپہ کے دوران حکام کو پتہ چلا کہ کئی دنوں سے ذخیرہ شدہ چکن صارفین کو فروخت کیا جارہا تھا ۔ش

میاں پور میں خانگی بس حادثہ کا شکار ۔ کچھ ملازمین زخمی
حیدرآباد17 مارچ (سیاست نیوز) میاں پور کے علاقہ میں ایک خانگی بس حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ خانگی منی بس جس میں خانگی ملازمین سوار تھے، اچانک الٹ گئی ۔ اس حادثہ کے سبب بس میں سوار ملازمین معمولی زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہاسپٹل میں علاج کروایا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فارما کمپنی سے تعلق رکھنے والی منی بس کوکٹ پلی سے 10 ملازمین کے ساتھ فارما کمپنی گڈاپوتارم جارہی تھی کہ باچو پلی میں موڑ پر الٹ گئی ۔ ڈرائیور نے بس پر قابو کھودیا ۔ اطلاع کے بعد پولیس نے مقام حادثہ پہنچ کر زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ع

کوکٹ پلی میں ایک کروڑ روپئے لوٹنے کا واقعہ ‘ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا
حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) کوکٹ پلی میں حوالہ رقم لوٹنے کے سنسنی خیز واقعہ کو پولیس نے حل کرلیا ہے ۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں کل رات دو افراد پر مرچ پاؤڈر چھڑک کر ان کے قبصے سے ایک کرور نقد رقم لوٹ لی گئی تھی ۔ سارے شہر میں سنسنی کا سبب بنے اس ایک کروڑ کے معاملہ میں پولیس نے فوری اقدام کیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا جو رقم لوٹنے کے بعد لکھنو فرار ہونے کی کوشش میں تھے پولیس نے انہیں ایرپورٹ سے گرفتار کرلیا اور چوتھے شخص کی تلاشی جاری ہے جو حملہ آور رقم لوٹنے کے معاملہ میں شامل تھا ۔ تاہم دوسری طرف پولیس ان متاثرہ دو افراد خسرو الدین و عظیم الدین سے بھی پوچھ تاچھ کر رہی ہے جن کی آنکھ میں مرچ پاؤڈر چھڑک کر ایک کروڑ کی رقم لوٹ لی گئی تھی۔ شکایت کے فوری بعد پولیس نے حوالہ کی رقم ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا ۔ چونکہ عظیم اور خسرو اے سی میکانک ہیں اور اتنی بڑی رقم ان کے یہاں موجود ہونا تشویش اور شبہات کا سبب بنا ہوا تھا ۔ کوکٹ پلی پولیس نے پانچ ٹیموں کو تشکیل دے کر علاقہ کے کیمروں کی جانچ کی اور لٹیروں کا تعاقب کیا ۔ آج صبح انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ایک کروڑ روپئے کی رقم حوالہ کی رقم ہونے کا مکمل شبہ ہے ۔ خسرو اور عظیم بہادر پورہ کے ساکن امیر کے یہاں کام کرتے تھے اور امیر کی ہدایت پر انہوں نے کوکٹ پلی کا رخ کیا ۔ پولیس کے مطابق امیر نے انہیں 10 روپئے کی کرنسی نوٹ دے کر پون سے ملاقات کی ہدایت دی اور یہ دونوں پون کے یہاں پہنچے۔ ذرائع کے مطابق پون سے ملاقات کے بعد پون کی ہدایت اور مشورہ پر یہ دونوں پلر نمبر 825 سے 848 پہنچے ۔ امیر نے پون سے رقم لینے کے بعد اس رقم کو ابراہیم کے حوالے کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ عظیم اور خسرو رقم لے کر پون کے بتائے مقام پر جارہے تھے کہ ان پر حملہ ہوا۔ دو موٹر سیکلوں پر سوار چار افراد نے ان کی آنکھوںمیں مرچ پاؤڈر چھڑک کر حملہ کیا اور رقم لوٹ لی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع

اس آپریشن کے دوران حکام نے 800 کلو باسی چکن کو ضبط کرلیا ۔ حکام کے مطابق چکن کی دکان جنوری سے ایک ختم شدہ لائسنس کے ساتھ کام کررہی تھی اور مبینہ طور پر وائن شاپس ، بارس اور ریستورانوں کو گوشت سپلائی کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دکان کے مالک شکیل و دیگر افراد کو حراست میں لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ ش