جـــرائـــم و حـــادثــات

   

کروڑہا روپئے کا سرمایہ کاری اسکام ، چھ ملزمین گرفتار
حیدرآباد : /24 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے کروڑہا روپئے کے سرمایہ کاری اسکام میں ملوث 6 ملزمین جو میول بینک کھاتے استعمال کررہے تھے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق شہر کے علاقہ بیگم پیٹ ، چمپاپیٹ اور مہاراشٹرا کے علاقہ پربھنی ، آندھراپردیش کے ضلع اننت پور اور تلنگانہ کے ضلع ونپرتی سے تعلق رکھنے والے افراد نے واٹس ایپ پر ایک سرمایہ کاری گروپ 282 بارکلیس انڈیا ہائی کوالیٹی اسٹاک ٹریڈنگ ریسرچ گروپ کے عنوان سے ایک گروپ قائم کیا اور اس میں سرمایہ کاری کرنے پر بھاری منافع کا وعدہ کیا ۔ اس دھوکہ دہی کے متاثرہ شخص نے مذکورہ فرضی سرمایہ کاری اسکیم میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپئے کی رقم دھوکہ بازوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی اور شاطر دھوکہ بازوں نے درخواست گزار کے بینک کھاتہ میں 15.69 کروڑ روپئے جمع ہونے کا دعویٰ کیا اور مزید آئی پی او کی اجرائی کیلئے 35 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا ۔ دھوکہ دہی کا شکار ہونے پر متاثرہ شخص نے سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی جس پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ مختلف خانگی اور سرکاری بینکوں کے ایسے بینک کھاتوں کی نشاندہی کی گئی جو فرضی تھے اور میول اکاؤنٹ کے طور پر نشاندہی کی گئی ۔ سائبر کرائم پولیس نے دھوکہ بازوں کے قبضہ سے موبائیل فون ، ڈیبیٹ کارڈس ، چیک بک وغیرہ برآمد کرلئے ۔ ب y/
ایل بی نگر میں معذور خاتون کی عصمت ریزی ، پولیس کو ملزم کی تلاش
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) ایل بی نگر کے علاقہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک معذور خاتون کی عصمت ریزی کی گئی۔ قوت سماعت اور گویائی سے محروم ایک بے بس لاچار خاتون پر نامعلوم شخص نے جنسی زیادتی کی اور راہ فرار اختیار کرلی۔ خاتون کو زخمی حالت میں دیکھ کر اس کے والدین نے پولیس کو اطلاع دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ خاتون کی مکان میں تنہائی کا فائدہ اٹھاکر نامعلوم شخص نے اس کی عصمت ریزی کی ، مزاحمت کے دوران خاتون زخمی ہوگئی اور بے بسی کے عالم میں گھر میں پڑی ہوئی تھی۔ جب اس کے والدین گھر پہنچے تو انہیں بیٹی پر ظلم و زیادتی کا علم ہوا اور فوری اس بات کی شکایت پولیس میں کی گئی۔ پولیس نے شکایت کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے اور زخمی متاثرہ خاتون کو ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ شروع کردی ہے۔ خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے اس نامعلوم ظالم شخص کو تلاش کیا جارہا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ خاطی شخص متاثرہ خاتون سے واقف ہے اور وہ اس کے افراد خاندان اور ان کی مصروفیت سے اچھی طرح واقف ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع؍F

کلثوم پورہ میں دیوار مہندم، ایک شخص ہلاک
حیدرآباد : /24 جون (سیاست نیوز) کلثوم پورہ پولیس نے 2 افراد بشمول عمارت کے مالک اور کنٹراکٹر کو گرفتار کرلیا جنہوں نے انتہائی لاپرواہی سے تعمیراتی کام جاری رکھنے پر دیوار منہدم ہونے کے نتیجہ میں ایک شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق /23 جون کو 36 سالہ انگڑ ساکن بھرت نگر ضیاء گوڑہ جو پیشہ سے کارپینٹر تھا اپنے ساتھی دلیپ پاسوان کے ہمراہ نیوگنگانگر لین کلثوم پورہ سے گزررہا تھا کہ اچانک ایک زیرتعمیر دیوار ان پر گرپڑی جس کے نتیجہ میں انگڑ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات کرنے پر یہ پتہ لگایا کہ عمارت کے مالک 54 سالہ وائی ونود کمار نے اپنی عمارت کا تعمیراتی کام ، 62 سالہ ڈی سرینواس ساگر جو بلڈر و کنٹراکٹر ہے کے حوالے کیا تھا ۔ عمارت تعمیر کرنے کے دوران مذکورہ افراد نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور زیرتعمیر دیوار میں شگاف ہونے کے باوجود بھی اسے مرمت نہیں کروایا ۔ جس کے نتیجہ میں دیوار انگڑ پر گرپڑی اور وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا ۔ بy/

اے ٹی ایم کیاش ویان سے رقم لے کر فرار ہونے والے شخص کی شناخت
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ سنتوش نگر سے رقم لے کر فرار ہونے کے معاملے میں پولیس نے پیشرفت اختیار کرلی ہے۔ اے ٹی ایم کیاش ویان سے 17 لاکھ روپئے لے کر فرار ہونے والے شخص کی پولیس نے سرینواس کے طور پر شناخت کرلی ہے اور اس کا تعاقب جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس نے ایک ماہ قبل ملازمت اختیار کی تھی اور اس نے منصوبہ بند طریقے سے واردات کو انجام دیا۔ پولیس کا خیال ہے کہ سرقہ کرنے کے منشاء سے اس نے ملازمت اختیار کی تھی اور موقع کے انتظار میں تھا۔ کل جب اس نے واردات کو انجام دیا، وہ دیگر تین ملازمین کے ساتھ موجود تھا۔ تین ملازم رقم جمع کرنے کیلئے اے ٹی ایم سنٹر میں داخل ہوئے۔ جبکہ سرینواس ویان کے پاس موجود تھا اور ویان کی نگرانی کررہا تھا۔ اس دوران اس نے اپنے ساتھی کو طلب کرلیا جو موٹر سائیکل پر سوار تھا۔ سرینواس نے رقم سے بھرا بیاگ جس میں تقریباً 17 لاکھ روپئے موجود تھے، لے کر فرار ہوگیا جو ویان کے ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔عJM

جائیداد کے لیے بیٹے کی مارپیٹ کا شکار
والد کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) جائیداد کیلئے بیٹے کی مارپیٹ کا شکار والد نے پولیس میں شکایت کردی۔ راجندر نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں اننت ریڈی نامی شخص نے بیٹے کے خلاف اوم ریڈی کے خلاف شکایت کردی۔ راجندر نگر پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اننت ریڈی کی اپرپلی میں اراضی پائی جاتی ہے۔ اس نے اراضی کو دو بیٹوں میں مساوی تقسیم کردیا اور 300 گز اراضی اپنے نام پر رکھ لی۔ اس اراضی کو بھی اپنے نام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اوم ریڈی نے والد اننت ریڈی پر حملہ کردیا۔ اس مارپیٹ کی ویڈیو وائرل ہوگیا۔ پولیس راجندر نگر مصروف تحقیقات ہے۔عJM

ویدیا نگر میں بندروں کا حملہ ، خاتون شدید زخمی ، عوام کی برہمی
حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) شہر میں کتوں کے بعد اب بندروں نے بھی شہریوں پر حملے شروع کردیئے ہیں۔ شہر میں بندروں کی بڑھتی تعداد نے شہری پہلے تشویش کا شکار ہیں اب ایک تازہ واقعہ سے شہریوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے۔ شہر کے ویدیا نگر علاقہ میں ایک خاتون بندروں کے حملہ میں شدید زخمی ہوگئی۔ خاتون کی چیخ و پکار سے مقامی افراد جمع ہوگئے اور بندروں کو بھگادیا۔ اس واقعہ میں خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ شہریوں کی بروقت چوکسی سے خاتون کی جان بچ گئی۔ ویدیا نگر کالونی کے رہائشی علاقہ سے گذرہی اس خاتون پر بندروں کے جھنڈ نے حملہ کردیا، وہ اس حملہ میں بال بال بچ گئی۔ شدید زخمی حالت میں خاتون کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی اور کالونی کی عوام نے ارباب مجاز پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کالونی کی عوام کا کہنا ہے کہ بچے ہوں یا پھر بڑے افراد اگر ہاتھ میں سامان کا بیاگ ہو یا پھر کوئی غذائی اجناس ہو بندر فوری حملہ آور ہو رہے ہیں اور اشیاء کو چھین رہے ہیں۔ اس دوران مزاحمت کرنے والے شہریوں کو حملہ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ عوام نے محکمہ جنگلات اور جی ایچ ایم سی سے درخواست کی ہے کہ وہ اس جانب فوری کارروائی کریں۔ ع؍F