جـــرائـــم و حـــادثــات

   

سنگاریڈی ریجنل انسپکشن آفیسر انٹر میڈیٹ رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد : /9 ستمبر (سیاست نیوز) اے سی بی کے اہلکاروں نے انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سنگاریڈی کے ریجنل انسپکشن آفیسر کو جونیئر کالج کے انتظامیہ سے 20 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ آر آئی او آر گووندا رام جس نے حال ہی میں سنگاریڈی میں ایک جونیئر کالج کا معائنہ کیا تھا اور اس نے کالج میں مثبت رپو رٹ جمع کرانے کیلئے پچاس ہزار روپئے رشوت طلب کی تو انتظامیہ نے اسے پہلی قسط میں تیس ہزار روپئے دیئے ۔ آر آئی او نے انتظامیہ کو بقیہ بیس ہزار روپئے کی ادائیگی کیلئے اصرار کیا تو انتظامیہ نے اس کے خلاف اے سی بی حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد جال بچھاکر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اے سی بی حکام نے گووندا رام کو حراست میں لیتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالتی تحویل میں پیش کردیا ۔ ش

بی سی ہاسٹل کے طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کھمم ضلع کے راگھونادھا پالیم میں چہارشنبہ کو مہاتما جیوتی باپھولے بی سی بوائز ریسیڈنشیل اسکول میں آٹھویں جماعت کے ایک طالب علم کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سالیگنٹی ستھوک 14 سالہ ساکن تیروملیاپالیم منڈل کے کاکاروائی گاؤں جوچہارشنبہ کی صبح کھیل رہا تھا کہ اچانک گر پڑا ۔ اسکول حکام نے بتایا کہ ساتھوک دوڑ رہا تھا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا ۔ جس کے بعد اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اسے کھمم کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ دواخانہ میں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ اسے مردہ قرار دیا ۔ لڑکے کے والدین نے ساتھوک کی موت کی مکمل جانچ کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔ ش m/b

ماں کے قرض کی سزا بیٹی کو ، قرض کی رقم ادا نہ کرنے پر فحش تصاویر کو وائرل کرنے کی دھمکی،والدہ کی پولیس میں شکایت کے بعد پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) ماں کے قرض کی سزا بیٹی کو بھگتنا پڑا۔ لون ایپ سے قرض حاصل کرنے والی خاتون کے ساتھ ہراسانی کا ایک واقعہ ملکاجگیری کمشنریٹ حدود میں پیش آیا جہاں لون ایپ کے ذمہ داروں نے خاتون کی کمسن لڑکی کے تصاویر پیش کردی۔ کم عمر لڑکی کی تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے فحش تصاویر تیار کردیں اور ان تصاویر کو اب سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ بورڈ اپل حدود کی ایک خاتون کی شکایت کے بعد پولیس حرکت میں آگئی ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ خاتون نے ’وردھان‘‘ لون ایپ سے آن لائن لون حاصل کیا اور اقساط کی ادائیگی میں خاتون ناکام ہوگئی۔ لون ایپ کی جانب سے قرض کی ادائیگی میں تاخیر پر سخت ہراساں کیا جاتا ہے۔ اس خاتون کو بھی پریشان کیا گیا۔ بار بار فون کرتے ہوئے نازیبا اور انتہائی فحش گفتگو کرتے ہوئے خاتون کا جینا مشکل کردیا گیا۔ لون ایپ کی جانب سے بغیر اجازت ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاتی ہے اور قرض داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس خاتون کے ساتھ بھی کچھ اس طرح کی حرکت کی گئی۔ اذیت سے تنگ آکر متاثرہ شکایت گذار خاتون نے لون ایپ کے نمبرات کو بلاک کردیا جس کے بعد 10 ویں جماعت میں زیر تعلیم خاتون کی لڑکی کی تصاویر حاصل کی گئیں اور ان تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں لڑکی کے نمبر پر روانہ کیا گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اس فون سے شدید پریشان خاتون نے مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع؍F

ٹی جی سیف کی ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی،بیکری کا کیک خطرناک ، ناقص مٹن اور چکن ضبط
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے رسٹورنٹس، بیکری اور ہوٹلس میں ٹی جی سیف کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ٹی جی سیف کی جانب سے نامور رسٹورنٹس اور بیکریوں پر دھاوا کیا گیا۔ اپل، عطاپور، کوکٹ پلی کے علاقوں میں ٹی جی سیف کی جانب سے دھاوے کئے گئے۔ باسی اور انسانی صحت کے لئے مضر غذائی اشیاء کو ضبط کیا گیا۔ اپل کے مصروف برانڈ بیکری اور رسورنٹ میں کیک کا استعمال کرنے کے بعد دو افراد کے متاثر ہونے کی شکایت پر کارروائی کی گئی۔ کوکٹ پلی کے بھولکشمی میں باسی اور بدبودار مٹن اور چکن کو ضبط کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 30 کیلو بکرے کا گوشت اور 20 کیلو مرغ کے گوشت کو ضبط کیا گیا۔ اپل کے ایک مصروف بیکری اینڈ رسٹورنٹ میں ناقص، باسی کیک کی سربراہی سے دو افراد کے متاثر ہونے کی شکایت کی گئی تھی۔ عطاپور کے علاقہ میں بھی ٹی جی سیف کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ ٹی جی سیف کی جانب سے ہوٹلوں، رسٹورنٹ بیکریز اور یہاں تک فنکشن ہالوں میں سربراہ کی جانے والی اشیاء اور پکوان کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ہوٹلوں میں عدم صفائی، مدت ختم ہونے والی اشیاء بالخصوص آئیسکریم، گوشت، پائے، گھی اور پنیر کا پتہ لگانے کے بعد اب ترکاریوں کے استعمال پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ باورچی خانوں میں صفائی کے انتظامات اور گندگی پر بھی کئی اداروں کو نوٹس دی گئی اور انہیں پابند کردیا گیا جبکہ کئی ایک اداروں کے لائسنس کو بھی منسوخ کیا گیا اور کئی اداروں کو فوری طور پر بند کردیا گیا۔ ٹی جی سیف کی جانب سے ہوٹلوں اور رسٹورنٹس کے علاوہ دھابے، بیکریوں اور فاسٹ فوڈ سنٹر میں غذائی اجناس کے ذخیرہ کرنے کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ع؍F

گمشدہ لاکھوں روپئے مالیتی موبائیل فونس حقیقی مالکین کے حوالے
حیدرآباد۔9۔ستمبر (سیاست نیوز) سکندرآباد گورنمنٹ ریلوے پولیس نے 16 لاکھ روپئے مالیتی موبائیل فونس کو ان کے مالکین کے حوالے کردیا ۔ ٹرین میں سفر کے دوران سرقہ کا شکار اور لاپتہ ہونے والے موبائیل فونس کو ریلوے پولیس نے حاصل کرلیا ۔ یہ بات ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید نے بتائی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کل 120 موبائیل فونس کو حاصل کیا گیا ۔ سی ای آئی آر پوٹل کے ذریعہ ان موبائیل فونس کو ضبط کیا گیا ۔ اس موقع پر سید نعیم الدین جاوید نے ٹرین میں سفر کرنے والے مسافرین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سامان کے ساتھ ساتھ موبائیل فونس کی حفاظت پر توجہ دیں اور ٹرین میں سفر کے دوران چوکنا رہیں۔ انہوں نے مسافرین کو مشورہ دیا کہ وہ موبائیل فون گم ہونے یا پھر سرقہ کا شکار ہونے پر فوری اس کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن میں کریں اور اس کے علاوہ آئی ایم ای آئی نمبر سے سی ای آئی آر پورٹل کے ذریعہ نمبر کو بلاک کروادیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل سال 2023 میں ریاست تلنگانہ میں سی ای آئی آر پورٹل کا آغاز ہوا جس کے بعد سے گورنمنٹ ریلوے پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیموں کے ذریعہ موبائیل فونس کی ریکوری پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 1,620 موبائیل فونس کو حاصل کیا گیا جو گمشدگی اور سرقہ کا شکار ہوئے تھے جس کی مالیت تقریباً 2.16 کروڑ بتائی گئی ہے ۔ ڈی ایس پی سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ تلنگانہ کے علاوہ کیرالا ، ٹاملناڈو ، اترپردیش ، بہار ، مہاراشٹرا ، کرناٹک ، آندھراپردیش ، مدھیہ پردیش میں کارروائی کرتے ہوئے خصوصی ٹیموں نے یہ کارروائی انجام دی۔عk/

گچی باؤلی کے حقہ سنٹر میں منشیات کا استعمال،نوجوانوں کا ٹسٹ ، ایک شخص گرفتار، مالک سنٹر فرار
حیدرآباد۔9۔ستمبر (سیاست نیوز) گچی باؤلی کے حقہ سنٹر میں منشیات استعمال کرنے کا سنسنی خیز واقعہ منظر عام پر آیا۔ اطلاع پر کارروائی کرنے والی پولیس نے حقہ سنٹر سے حراست میں لئے گئے نوجوان کا ڈی ڈی ٹسٹ کیا اور ایک شخص کی جانب سے منشیات کے استعمال کا پتہ چلا، ذرائع کے مطابق گچی باؤلی کے علاقہ ڈی ایل ایف کے قریب واقع کلاوڈنائن حقہ سنٹر پر پولیس نے آج دھاوا کیا ۔ اس حقہ سنٹر میں ممنوعہ تمباکو ، حقہ فلیورس کو ضبط کرلیا اور حقہ سنٹر میں حقہ استعمال کر رہے نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان کی جانچ کی گئی ۔ ان نوجوانو کی جانچ میں پتہ چلا کہ انہوں نے کوئی نشہ آور ممنوعہ شئے کا استعمال نہیں کیا جبکہ ڈرگ ٹسٹ میں ایک نوجوان کا ٹسٹ ثابت ہونے کے بعد پولیس نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس نے منشیات کو بنگلورو کے ساکن بیجو میتھیو سے حاصل کیا بلکہ اس سے منشیات کی خریداری کی ۔ اس واقعہ پر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مفرور حقہ سنٹر کے مالک رمیش کو تلاش کر رہی ہے۔عk/

نظام آباد میں خاتون کی کمسن لڑکی کے ساتھ خود کشی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نظام آباد ضلع کے اشوک ساگر جھیل میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنی چار سالہ بیٹی کے ساتھ جھیل میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق نظام آباد ضلع کے اسمیکا کالونی کی رہنے والی جن کی شناخت عمرانہ بیگم 40 سالہ اور ان کی بیٹی نیہا کے طور پر کی گئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعشوں کو تالاب سے باہر نکالا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے خود کشی کی وجہ کی معلومات حاصل کررہی ہے ۔۔ ش m/b
امیر پیٹ میں موبائل شاپس کے خلاف مقدمات
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ایس آر نگر پولیس نے امیر پیٹ میں مختلف موبائل شاپس کے خلاف ون پلس ، اوپو ، رئل می ، سمیت مشہور اسمارٹ فون برانڈز کے جعلی بیک پینلس بنانے ، رکھنے اور فروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس کے مطابق یہ مقدمہ اوپو ، ون پلس اور رئل می کے مجاز نمائندے ہیمنتھ شرما کی طرف سے درج کرائی گئی ۔ شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا ۔ شرما نے الزام لگایا کہ امیر پیٹ پر کام کرنے والی کچھ کمپنیاں دانشورانہ املاک اور مصنوعات کی پیکیجنگ کی ایک جیسی یا کافی حد تک ملتی جلتی مصنوعات کی غیر مجاز فروخت میں ملوث ہیں ۔ جس کے بعد پولیس نے متعدد دکانوں سے مشتبہ جعلی موبائل بیک پینلس کی بڑی مقدار برآمد کی ۔ پولیس کے مطابق مہادیو موبائل اسٹور سے 371 جعلی رئل می بیک پینلس ، 424 جعلی اوپو بیک پینلس اور 195 جعلی ون پلس بیک پینلس ضبط کئے ہیں ۔ شری گنیش موبائلس میں 360 جعلی رئل می ، 368 اوپو اور 440 جعلی ون پلس بیک پینلس ضبط کئے ۔ درگا ٹیلی کام سے 347 جعلی رئل می ، 288 جعلی اوپو اور 239 جعلی ون پلس بیک پینلس برآمد کئے ۔ پولیس نے کہا کہ مصنوعات کے ماخذ کا یقین کرنے اور ان کی تیاری قبضے اور فروخت میں مبینہ طور پر ملوث تمام افراد کی شناخت کیلئے تفتیش جاری ہے ۔۔ ش m/b
ای ۔ سگریٹ کی فروختگی پر ایک شخص گرفتار ، سگریٹس اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے مادھا پور میں 26 سالہ شخص کو غیر قانونی طور پر ای سگریٹ فروخت کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے ملزم ابوبکر صدیق کے قبضے سے دو موبائل فونس ، ممنوعہ ای سگریٹس ، ویپس اور نکوٹین کو ضبط کرلیا اور ساتھ ہی 72,500 روپئے نقد رقم کو بھی ضبط کرلیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔۔ ش m/b
چوری کے اندرون 24 گھنٹے چور گوا میں گرفتار
جوبلی ہلز چوری کے مقدمہ کا حل ، حیدرآباد پولیس کا کارنامہ
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) کہتے ہیں کسی چور کی پیشانی پر چور لکھا نہیں ہوتا لیکن حیدرآباد پولیس نے ایک چور کو اس کے پیشانی سے پکڑ لیا۔ پیشانی پر موجود زخم کی بنیاد پر اس کا نہ صرف پتہ لگایا بلکہ چوری کے اندرون 48 گھنٹے اس چور کو گوا سے گرفتار کرلیا جو چوری کے بعد گوا چلا گیا تھا اور وہاں کسینو میں جوا کھیل رہا تھا۔ جوبلی ہلز پولیس نے ایک کارروائی کے دوران چوری کے مقدمہ کو حل کرلیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے اس چور کو نہ صرف گرفتار کرلیا بلکہ حیدرآباد منتقل کردیا۔ جوبلی ہلز حدود میں شراب کے ایک تاجر کے مکان میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی۔ سارق نے مکان سے تقریباً 10 تولہ طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا۔ پولیس نے جب موقع واردات کا معائنہ کیا اور کیمروں کی جانچ کی تو پولیس کو ایک ثبوت ہاتھ لگا۔ پولیس نے فوری کرائم ڈیٹا کی بھی جانچ کی بالآخر کیمرے کے ذریعہ حاصل چور کی تصویر جو نقاب میں تھی اس کا جائزہ لیا۔ اس کی پیشانی پر ایک نشان پایا جاتا ہے بس پھر پولیس نے فوری اس کی نشاندہی کرلی اور پتہ لگایا کہ یہ چور گوایش ہے۔ گوریش جو پیشہ سے جونیر آرٹسٹ ہے۔ اندرا نگر جوبلی ہلز کا ساکن بتایا گیا ہے۔ پولیس نے گوریش کا پتہ اٹھالیا جو گوا روانہ ہوا تھا ایک ٹیم گوا پہنچی جہاں وہ کسینوں میں مصروف تھا۔ اس کو دبوچ لیا گیا اور حیدرآباد منتقل کردیا۔ گوریش ویشاکھاپٹنم سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کے خلاف مادھاپور حدود میں ایک چوری مقدمہ درج ہے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع؍F