جـــرائـــم و حـــادثــات

   

ایل بی نگر کی ایک ہوٹل سے 50 کیلو بکرے کا سڑا ہوا گوشت ضبط
علاقے کی کئی ہوٹلس پر حکام کے دھاوے ، قوانین کی خلاف ورزی پر لائسنس معطل اور ہوٹلس مہر بند
حیدرآباد : /16 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ فوڈ سیفٹی حکام نے چہارشنبہ کو جی ایچ ایم سی حدود میں واقع 9 ہوٹلوں کو قوانین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار پائے جانے پر ان کا فوڈ لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں مہر بند کردیا ۔ اس کارروائی میں ایک ہوٹل سے 50 کیلو بکرے کا سڑا ہوا گوشت بھی ضبط کرلیا ۔ فوڈ سیفٹی کی 10 خصوصی ٹیموں نے جی ایچ ایم سی کے علاقہ ایل بی نگر اور اس کے اطراف و اکناف علاقوں میں بیک وقت دھاوے کئے اور کئی ہوٹلوں میں انتہائی ناقص حالت میں غذا کی تیاری ، ممنوعہ رنگ اور ناقص اشیاء کے استعمال پر ان کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی کی گئی ۔ تلنگانہ فوڈ سیفٹی حکام کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایل بی نگر علاقہ میں کئی ہوٹلوں میں غذا کی تیاری میں انتہائی لاپرواہی برتی جارہی ہے اور ایسے ملاوٹی اشیاء کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے عوام کی صحت کیلئے مضر ہے ۔ اس کارروائی میں فوڈ سیفٹی حکام نے ہوٹل سنگیت گرانڈ رسٹورنٹ ، بہار بریانی کیفے ، بالافی فینی اور نمکین ، بھونیشوری آئیل انڈسٹریز ، ہوٹل سندورا ایسٹ کورٹ ، کیمسٹری بار اینڈ کچن (سوربھی برانڈ) ، نیو نمرا ہوٹل ، ویلیج ملٹی کوزائن ریسٹورنٹ چمپاپیٹ اور ہوٹل کنارا گرانڈ میں دھاوؤں کے دوران انتہائی ناقص باورچی خانوں کا پتہ لگایا گیا جو عوام کی صحت اور جان کیلئے مضر ہے ۔ فوڈ سیفٹی حکام نے ان ہوٹل سے فوڈ سیمپل حاصل کرتے ہوئے 9 ہوٹلوں کو فوری طور پر مہربند کردیا ۔ جبکہ دیگر ہوٹلس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ ب y//m/b

میاں بیوی میں جھگڑا ، شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : منچریال ضلع کے کوٹہ پلی منڈل میں بیوی کی ناک کاٹنے کا عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق کوٹہ پلی منڈل کے مالیم پیٹ گاؤں کے وائی منی چندر کی شادی نو سال قبل کوٹہ پلی کی ممتا سے ہوئی تھی ۔ انہیں دو بچے بھی ہیں ۔ میاں بیوی میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے ۔ دو دن پہلے بھی ان کے درمیان جھگڑا ہوا تھا ۔ جس کے بعد ممتا اپنی ماں کے گھر چلی گئی تھی ۔ جس کے بعد منی چندر کو غصہ آیا اور اس نے ہنگامہ کیا اور مبینہ طور پر اس نے اپنے سسر پر مبینہ طور پر حملہ کیا تھا ۔ جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کے بعد اس نے ممتا کی ناک کاٹ دی ۔ اسے چننور کے سرکاری دواخانہ میں منتقل کیا گیا ۔ اور وہاں سے اسے بہتر علاج کے لیے منچریال کے دواخانہ منتقل کیا گیا اور وہاں سے اسے ورنگل کے دواخانہ میں منتقل کیا گیا ۔ ممتا کے والدین کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش m/b

تیز رفتار کار ہوٹل سے ٹکرانے پر دو خواتین ہلاک دیگر زخمی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں ایک تیز رفتار کار ایک ہوٹل سے ٹکرا گئی ۔ جس کے نتیجہ میں دو خواتین کی موت ہوگئی اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔ خواتین کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ نوجوانوں نے انہیں قتل کر کے حادثہ کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔ یہ واقعہ اننت پور ضلع کے بکارایا سمدرم منڈل میں روٹری پورم میں پیش آیا ۔ مہلوکین کی شناخت 20 سالہ ہریتا اور 20 سالہ نوانیتا کے طور پر کی گئی ۔ ہریتا نرسنگ کالج میں تیسرے سال کی طالبہ اور نوانیتا ایک خانگی دواخانہ میں نرس تھی ۔ پولیس کے مطابق خواتین کی دوستی کمار نامی شخص سے تھی جو دواخانہ میں ملازم تھا اور سریدھر ریڈی جو انشورنس ایجنٹ کے طور پر تھا جو دواخانہ میں باقاعدگی سے آتا تھا ۔ یہ چاروں ایک کار میں روانہ ہوئے سیر و تفریح کے بعد اننت پور روانہ ہوئے صبح کا وقت تھا جب یہ حادثہ پیش آیا ۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کی وجہ سے ہریتا کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ نوانیتا اور کمار ، سریدھر ریڈی زخمی ہوگئے تھے جنہیں دواخانہ کو منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران نوانیتا کی موت ہوگئی ۔ خواتین کی شکایت کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کی جانچ شروع کردی اور حادثہ کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقیقت کا پتہ چلے گا ۔۔ ش m/b

دوستی جنسی تعلقات میں تبدیل ، حمل ساقط کروانے کی کوشش میں موت
حیدرآباد ۔ 16 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) پانچ ماہ کی دوستی جنسی تعلقات کا سبب بن گئی اور نوجوان لڑکی حمل کو ساقط کروانے کی کوشش میں فوت ہوگئی ۔ یہ واقع کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی میں پیش آیا جہاں (30) سالہ لڑکی حمل کو ساقط کروانے کی کوشش میں اپنی جان گنوا بیٹھی۔ اطلاع کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کے راجہ مہندرا ورم سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ لڑکی کے پی ایچ بی کالونی میں رہتی تھی اور لڑکی ایک لیاب میں گزشتہ (6) ماہ سے کام کررہی تھی اور سردار پٹیل نگر کے ایک ہاسٹل میں رہتی تھی۔ لڑکی کی ناگا سائی نامی 26 سالہ نوجوان سے دوستی ہوئی ۔ ناگا سائی شادی شدہ اور ایک بچی کا باپ ہے ۔ لڑکی اور ناگا سائی کے درمیان دوستی جسمانی تعلقات تک پہونچی ۔ اس پانچ ماہ کے عرصہ میں ناگا سائی نے لڑکی کو جسمانی طورپر جنسی خواہش کیلئے راضی کروالیا اور اس جسمانی وابستگی کے سبب لڑکی حاملہ ہوگئی ۔ ناگا سائی نے حمل ساقط کروانے کیلئے لڑکی کو گولیاں استعمال کرنے کامشورہ دیا اور گولیاں کھلادیں جس کے بعد لڑکی کی صحت بگڑ گئی ۔ ہاسٹل کی ساتھی لڑکیوں نے بگڑتی صحت کو دیکھتے ہوئے نظام پیٹ کے ہاسپٹل سے رجوع کیا ۔ معاشی حالات کے سبب لڑکی کے افراد خاندان نے علاج کیلئے لڑکی کو کاکیناڈا سرکاری ہاسپٹل رجوع کیا جو علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس نے لڑکی کے رشتہ دار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

شادی طئے ہونے کے ایک دن بعد لڑکی کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 16 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) ضلع وقارآباد کے تانڈور منڈل میں شادی طئے ہونے کے بعد ایک لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ ناگالکشمی جو جینوگرتی علاقہ کے ساکن انجیلیا کی بیٹی تھی نے اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ انجیلیا نے دو دن قبل ہی بیٹی کا رشتہ طئے کیا تھا اور اتوار کے روز منگنی بھی ہوچکی تھی ۔ کل باپ بیٹی نے ملکر گھر کے لئے ضروری اشیاء کی خریداری کی ۔ لڑکی کی والدہ ایک سال قبل فوت ہوچکی تھی ۔ ناگا لکشمی تعلیمیافتہ تھی اس نے گریجویشن کے بعد نرس کا کورس بھی تکمیل کیا تھا اور والد کی مدد کررہی تھی ۔ لڑکی کی خودکشی کی وجوہات کا فوری پتہ نہ چل سکا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

مسافر کے بیاگ سے جلیٹین اسٹکس برآمد
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش پولیس نے پنڈت نہرو بس اسٹیشن پر سامان میں مبینہ ملاوٹ کے بعد ایک مسافر کے بیاگ سے 46 جیلیٹن چھڑیاں برآمد کیں ۔ جن کا وزن تقریبا پانچ کلو گرام تھا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ مبینہ طور پر پتھر کی کان میں استعمال کرنے کے لیے لے جایا جارہا تھا ۔ وجئے واڑہ ساوتھ زون اے سی پی کے مانسا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسافر نے غلط بیاگ اٹھایا تھا اور وہ اس میں مواد سے لا علم تھا ۔ مسافر نے بیاگ اٹھایا لیکن وہ اسے کھولا نہیں تھا اور اس کے بعد جب اسے محسوس ہوا تو اس نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس کو اس بیاگ کی اطلاع دی اور اپنے بیاگ کی گمشدگی کی شکایت کی اور جب پولیس نے اس بیاگ کو کھولا تو اس میں جیلیٹن اسٹک پائی گئی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش m/b

ایک شخص کے ہاتھوں خاتون کی موت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( راست ) : آندھرا پردیش کے نیلیمارلا میں ایک شادی شدہ خاتون کی غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے جان چلی گئی ۔ حملہ آور نے خاتون کے سینے پر بیٹھ کر اس کا منہ اور ناک بند کردیا ۔ جس کی وجہ سے موت ہوگئی ۔ خاتون کی لاش کو ایک بوری میں ڈال کر جھاڑیوں میں پھینک دیا ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ خاتون کا تعلق سری کاکلم ضلع سے تھا اور اس کی شادی 2014 میں پوساپٹیریگا منڈل کے ایک شخص سے ہوئی تھی ۔ چند ماہ سے بنگارو بابو نے اس خاتون سے بات کرنا بند کردیا تھا ۔ جس کے بعد وہ خاتون اس کے مکان گئی جہاں دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ جس کے بعد بنگارو بابو نے اس کے سینے پر بیٹھ کر منہ اور ناک دبا دیا جس سے اس کی موت ہوگئی ۔ لاش کو پٹرول سے جلانے کے لیے وہ ایک دکان پر پٹرول خریدنے گیا جس کے بعد دکاندار کی نظر اس بوری پر پڑی اور دکاندار نے سوال کیا تو وہ وہاں سے فرار ہوگیا ۔ خاتون کے شوہر نے بیوی کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جانچ کرتے ہوئے گاڑی نمبر کے ذریعے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔۔ ش m/b

برآمد کردہ دو کروڑ روپئے سے زائد کے گمشدہ فونس حقیقی مالکین کے حوالے
حیدرآباد ۔ 16 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے تقریباً 2 کروڑ سے زائد کے موبائیل فونس کو اُن کے حقیقی مالکین کے حوالے کردیا ۔کمشنر پولیس سائبرآباد ڈاکٹر رمیش کے احکامات کے مطابق پولیس نے خصوصی کارروائی کرتے ہوئے (1,218) موبائیل فونس کو جو لاپتہ اور گمشدہ اور چوری کا شکار ہوگئے تھے سی ای آئی آر پورٹل کی مدد سے اُن کے مالکین کے حوالے کیا ۔ سائبرآباد پولیس کی جانب سے موبائیل فونس حوالے کرنے کا یہ گیارہواں مرحلہ تھا ۔ ان موبائیل فونس کی قیمت 2,43,60,000/- روپئے بتائی گئی ہے ۔ سائبرآباد پولیس کے مطابق سی سی ایس کوکٹ پلی پولیس کی جانب سے (410) ، سی سی ایس کے حدود سے (407) ، قطب اﷲ پور حدود سے (401) کل 1218 موبائیل فونس کو دوبارہ حاصل کرلیا گیا ۔ سائبرآباد پولیس کی جانب سے آج ایک پروگرام کے دوران ان موبائیل فونس کو اُن کے مالکین کے حوالے کیا گیا ۔ اس موقع پر اپنے موبائیل فونس کو دوبارہ حاصل کرنے والے متاثرین نے مسرت کا اظہار کیا اور پولیس کے اقدامات کی زبردست ستائش کی ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد ڈاکٹر رمیش نے عوام کو سائبر جرائم پر چوکنا رہنے کی درخواست کی اور اُنھیں سائبر دھوکہ بازوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ وہ کسی بھی لالچ یا پھر موقع کا شکار نہ بنیں ۔ جاب فراڈ ، بٹینگ ایپس سے دور رہنے کی درخواست کی اور کہا کہ کسی بھی اجنبی کو اپنا فون نمبر نہ دیںاور نہ ہی کسی بھی اجنبی سے اپنی تفصیلات کو شیئر کریں بلکہ ٹکنالوجی اور ڈیجیٹل آلات کے استعمال کے وقت چوکنا رہیںاور سوشیل میڈیا پر اپنی تفصیلات کو شیئر کرنے سے احتیاط سے کام لیں۔ اس موقع پر سائبر آباد پولیس کے دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ ع