جـــرائـــم و حـــادثــات

   

سدی پیٹ میں بیٹوں کے حملہ میں باپ شدید زخمی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : سدی پیٹ ضلع کے چیریال منڈل میں دو بیٹوں نے اپنے ہی باپ پر حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بوداسو روی پر اس کے دو بیٹوں کو شبہ تھا کہ وہ غیر ازدواجی تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کی دیکھ بھال نہیں کررہا تھا ۔ جس کے بعد اس کے دونوں بیٹوں نے روی پر حملہ کر کے شدید زخمی کردیا ۔ زخمی روی کو چیریال کے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی گئی جس کے بعد اسے سدی پیٹ کے دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش m/b
شمس آباد ایرپورٹ پر مسافر کے خلاف کارروائی ، کوکین ضبط
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : ڈی آر آئی حیدرآباد زونل یونٹ نے ایک مسافر کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 4.9 کلو کوکین کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 24.5 کروڑ روپئے بتائی گئی ۔ ڈی آر آئی حکام نے بتایا کہ دوحہ قطر سے شمس آباد ایرپورٹ کو آنے والے ایک ہندوستانی مسافر کے لگیج کی تلاشی لینے پر اس کے لگیج سے چاکلیٹ کے ٹیوب 7 عدد برآمد ہوئے جس کی مکمل جانچ کرنے اور نارکوٹک ڈرگ ٹسٹ کرنے پر ٹسٹ مثبت آیا ۔ 7 ٹیوبس میں 207 کیپسول برآمد ہوئے ۔ حکام نے بتایا کہ مارکٹ میں اس کوکین کی قیمت 24.5 کروڑ روپئے ہیں ۔ مسافر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ۔۔ ش m/b
ڈی ایس پی بھیم ریڈی کے غیرمحسوب اثاثہ جات کی
آئی ٹی عہدیداروں سے تحقیقات
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) سابقہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھیم ریڈی کے غیرمحسوب اثاثہ جات معاملہ میں آئی ٹی عہدیداروں نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو اور آئی ٹی عہدیداروں کی جانب سے بھیم ریڈی سے تعلق رکھنے والے (8)بے نامی افراد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ ملک کا پہلا مقدمہ ہے جو بے نامی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ۔ آئی ٹی کے عہدیداروں نے یہ مقدمہ درج کیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے حاصل مواد کے بعد آئی ٹی عہدیداروں نے کارروائی میں شدت پیدا کردی ہے۔ اے سی بی کی جانب سے ان بے نامی افراد کے مکانات پر دھاوا کرتے ہوئے اے سی بی نے کارروائی کو انجام دیا اور بڑی تعداد میں جائیدادوں اور نقد رقم کے علاوہ عہدیداروں نے طلائی اشیاء کو بھی ضبط کیا اور تازہ کارروائی میں بھیم ریڈی کے ساتھ (8) بے نامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ ع
معین آباد ٹاؤن پلاننگ آفیسر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) غیرمجاز تعمیر کے خلاف شکایت پر کارروائی نہ کرنے کیلئے رشوت کا مطالبہ کرنے والے دو بدعنوان عہدیداروں کو اے سی بی نے رنگے ہاتھوں گرفتار کریا۔ اینٹی کرپشن بیورو سٹی رینج 2 کی جانب سے کی گئی کارروائی میں معین آباد میونسپلٹی کے ٹاؤن پلاننگ عہدیدار گنڈو وانی اور سینئر اسسٹنٹ وائی سدرشن کو اے سی پی نے 75 ہزار روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ غیرمجاز تعمیر کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور سرکاری مدد کیلئے ان عہدیداروں نے رشوت کا مطالبہ کیا تھا اور 75 ہزار روپئے رشوت کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ان بدعنوان رشوت خور عہدیداروں کو عدالت میں پیش کردیا ۔ ع

35 سال سے پولیس کو مطلوب روڈی شیٹر گرفتار
حیدرآباد : /30 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ایک ایسے روڈی شیٹر کو گرفتار کرلیا جو گزشتہ 35 سال سے پولیس کو مطلوب تھا ۔ پولیس کے مطابق 54 سالہ الیاس بن حسین یافعی ساکن صلالہ بارکس جو چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر تھا اس کی روڈی شیٹ 1991 ء میں کھولی گئی تھی چونکہ وہ اقدام قتل کے ایک کیس میں ملوث ہوا تھا ۔ روڈی شیٹ کھلنے کے بعد ہی وہ پولیس کو چکمہ دے کر ہندوستان سے بیرون ممالک روزگار کی تلاش میں چلے گیا تھا ۔ ہندوستان واپس لوٹنے کے بعد وہ پینٹر کی حیثیت سے مختلف ریاستوں میں ملازمت کررہا تھا ۔ خفیہ اطلاع ملنے پر چارمینار زون ٹاسک فورس نے الیاس بن حسین یافعی کو گرفتار کرتے ہوئے اسے پرانے کیس میں عدالت میں پیش کردیا ۔ بy/
چار قندیل آغاپورہ میں خاتون کی نعش برآمد ہونے سے سنسنی
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)آغا پورہ کے علاقہ میں آج اس وقت سنسنی پیدا ہوئی جب چار قندیل علاقہ سے پولیس نے ایک خاتون کی نعش کو برآمدکرلیا۔ اطلاع کے بعد حبیب نگر پولیس انسپکٹر پرشوتم راؤ مقام واردات پہونچے اور حالات کا جائزہ لیا ۔ چار قندیل گراؤنڈ میں ایک خاتون کی مشتبہ نعش پائی گئی جو مسخ شدہ حالت میں تھی ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ اس خاتون کی عمر تقریباً (45) سال ہوسکتی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور پولیس سمجھتی ہے کہ خاتون بھیک مانگنے والی ہوگی چونکہ یہ علاقہ گنجان آبادی والا اور بھیڑ والا ہے ۔ پولیس نے نعش اور مقام کا جائزہ لیا ۔ انسپکٹر کے مطابق خاتون کے جسم پر کوئی نشان یا پھر مشتبہ حالات دکھائی نہیں دئیے تاہم پولیس ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔
عثمانیہ یونیورسٹی میں سڑک حادثہ ، نوجوان ہلاک
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ٹپر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے مطابق 20 سالہ ہرشا جو سیتاپھل منڈی اپر بستی کا ساکن تھا اسکوٹی پر جارہا تھا کہ ایفلوجنکشن کے قریب ایک تیز رفتار ٹپر لاری کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ آج صبح ہرشا اپنی اسکوٹی پر ویدیا نگر کی جانب جارہا تھا کہ ایفلوجنکشن کے قریب ٹپر گاڑی نے ہرشا کی اسکوٹی کو پیچھے سے ٹکر دیدی اور وہ اس حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

تلنگانہ فوڈ سیفٹی حکام کے ڈارک اسٹورس پر دھاوے
چار اسٹورس کے لائسنس منسوخ ، ایکسپائری اشیاء کے خلاف کارروائی
حیدرآباد : /30 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ فوڈ سیفٹی حکام کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات میں واقع ڈارک اسٹورس پر دھاوا کرتے ہوئے 4 اسٹورس کے لائیسنس معطل کردیئے ۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی کی خصوصی ٹیموں نے چہارشنبہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں واقع 16 ڈارک اسٹورس بشمول سوئیگی ، انسٹامارٹ ، فلپ کارڈ ، زیپٹو وغیرہ پر بیک وقت دھاوے کئے ۔ اس کارروائی کے دوران کئی ڈارک اسٹورس میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی جس میں انتہائی ناقص حالات میں غذائی اشیاء کو رکھنا اور کاکروجیس کی بڑی تعداد ان اسٹورس میں پائے جانے پر 4 ڈارک اسٹورس کے فوڈ سیفٹی لائیسنس کو فوری طور پر معطل کرکے اسے مہر بند کردیا گیا ہے ۔ اس کارروائی میں فوڈ سیفٹی حکام نے پیٹ بشیر آباد ، چنتل ، نظام پیٹ ، گاجولہ رامارم ، شاہ علی بنڈہ اور سعیدآباد پر دھاوے کئے ۔ جبکہ فلپ کارڈ کے ڈارک اسٹورس جو چنتل ، چندولال بارہ دری ، چارمینار ، چوک محمد خان ، پتھر گٹی ، عیدی بازار ، موسیٰ رام باغ اور ریتی گلی گولکنڈہ میں پائے گئے ۔ فوڈ سیفٹی حکام کی جانب سے دھاوؤں کے دوران کئی بے قاعدگیاں اور انتہائی ناقص حالات میں غذا کو رکھنا اور ایکسپائری ایٹمس بھی پائے گئے ۔ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی حکام نے سوئیگی انسٹامارٹ ، پیٹ بشیرآباد اور سعیدآباد ، زیپٹو کے ڈارک اسٹور واقع رامکوٹ اور فلپ کارڈ کے انسٹاکارڈ سرویسیس واقع چارمینار کے لائیسنس کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ان احاطوں کو مہر بند کردیا گیا ہے ۔ بy/
شادی کی تقریب میں ہوا میں فائرنگ ، چندرائن گٹہ پولیس سے تحقیقات کا آغاز
حیدرآباد : /30 ستمبر (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کا نوٹ لیتے ہوئے اس کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کرتا ہوا پایا گیا جس میں ایک تقریب میں ایک شخص کی جانب سے ہوا میں فائرنگ کرتا ہوا دیکھا گیا ۔ یہ ویڈیو جیسا عام ہوتے ہی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار حرکت میں آگئے اور اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وائرل ویڈیو میں یہ دیکھا گیا ہے کہ ایک نامعلوم شخص ہوا میں کئی راؤنڈ فائر کرتا ہوا پایا گیا ۔ جبکہ یہ شخص شادی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے فائرنگ کی تھی ۔ چندرائن گٹہ پولیس نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کی تصدیق کرنے اور اس شخص سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کیلئے پولیس تحقیقات کررہی ہے ۔ بy/
چندانگر میں گانجہ کے ساتھ دو افراد بشمول خاتون گرفتار
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)چندانگر پولیس نے دو افراد بشمول ایک خاتون کو گانجے کے ساتھ گرفتار کرلیا جو پڑوسی ریاست سے حیدرآباد پہونچے تھے اور یہاں شہر میں گانجہ فروخت کرنے کی کوشش میں تھے ۔ خفیہ اطلاع پر چندانگر پولیس نے جال بچھاکر ان دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ (22) سالہ منوج کمار اور (23) سالہ آشا دیوی کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے ایک کیلو 5 سو گرام گانجہ ضبط کرلیا ۔ منوج کمار کا تعلق وشاکھاپٹنم اور آشا دیوی کا تعلق وجئے نگرم سے بتایا گیاہے ۔ ان دونوں نے اوڈیشہ کے کندپلی علاقہ سے گانجہ کی خریداری کی اور حیدرآباد میں زائد قیمت میں گانجہ کو فروخت کرنے کیلئے پہونچے تھے ۔ چندانگر ریلوے اسٹیشن کے قریب پولیس کے بچھائے گئے جال میں پھنسنے کے بعد یہ دونوں فرار ہونے کی کوشش میں تھے کہ پولیس نے اُنھیں گرفتار کرلیا اور اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ آیا ان دونوں نے پہلی مرتبہ جرم کیا ہے یا پھر اکثر گانجہ فروخت کرتے تھے ۔ ع
سمپت کالونی میں گانجہ ضبط ، تین افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے 80 گرام گانجہ کے ساتھ تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد ڈیویژن اے سی پی سریکانت گوڑ نے بتایا کہ شمس آباد کے علاقہ سمپت نگر کالونی کے قریب پولیس چیکنگ کے دوران تین افراد مشتبہ حالت میں گھومتے ہوئے دکھائی دیئے اُنھیں حراست میں لینے پر اُن کے قبضہ سے 80 گرام گانجہ (Methan Phetamine) اور چار ایل سی ڈی بلاٹس برآمد ہوئے جس کے بعد اُنھیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جن کی شناخت سید سعید حسین 30 سالہ ساکن جہاں نما ، محمد عمران 32 سالہ ساکن بنجارہ ہلز اور رحمن الدین ، 29 سالہ ساکن سوماجی گوڑہ کے طورپر کی گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ سعید حسین بنگلور سے تعلق رکھنے والے جمشید اور سید ظہیر مہدی ساکن ماتا کی کھڑی سے ڈرگس حاصل کرکے ضرورتمندوں میں بھاری قیمت پر فروخت کرتا تھا جس کی مدد عمران اور رحمن کرتے تھے ۔ سعید حسین پر 270 سے زائد جائیداد سے متعلق مقدمات درج ہیں جبکہ عمران پر تین این ڈی پی ایس مقدمات درج ہیں۔ اے سی پی نے بتایا کہ جمشید اور ظہیر مفرور ہیں۔ اُن کی گرفتار کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اے سی پی نے آر جی آئی اے انسپکٹر بی سنجیولو اور ڈی آئی پون کمار کی کارروائی کی ستائش کی ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ گانجہ و دیگر منشیات کی خرید و فروخت غیرقانونی ہے ۔ ایسے کرنے پر اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ ڈرگس کا استعمال ایک انسان کو ہی نہیں بلکہ اُس کے پورے خاندان کو برباد کردیتا ہے ۔ ش

منگل ہاٹ قتل کیس کے ملزمین گرفتار
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)منگل ہاٹ پولیس نے نوجوان کے قتل کیس کو حل کرلیا اور سات رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ مقتول سائی ناتھ سنگھ کو ناجائز تعلقات کی وجہہ سے قتل کیا گیا اور اس سازش میں اس کی داشتہ ہی اصل ملزم نکلی ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 25 سالہ سی انیشا سنگھ جو ٹیلی کالر بتائی گئی ہے کے علاوہ 24 سالہ ماکھن بادل سنگھ، 21 سالہ آکاش سنگھ ، 23 سالہ ابھیشیک ، 35 سالہ پجاری لاکھن سنگھ ، 30 سالہ اکھشے سنگھ اور 24 سالہ ڈی نندونیا ساکنان منگل ہاٹ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اُن کے قبضہ سے (6) سیل فون ، (2) موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ انیشا سنگھ سابق میں ایک مقدمہ جو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منگل ہاٹ میں درج کیا گیا تھا جبکہ بادل سنگھ (8) مقدمات میں ، پجاری لاکھن سنگھ (2) مقدمات میں ملوث ہیں۔ پولیس نے قتل کی اطلاع کے بعد تحقیقات کو انجام دیا۔پولیس کے مطابق 28 ستمبر کو انیشا سنگھ نے مقتول سائی ناتھ سنگھ کو فون کرتے ہوئے اپنی والدہ کے مکان رحیم پورہ طلب کیا ،جہاں پہلے سے سازش تیار کی گئی تھی ۔ انیشا سنگھ اور سائی ناتھ سنگھ کے درمیان گزشتہ تین تا چار سال سے ناجائز تعلقات تھے اور خاتون کے شوہر اور دیگر افراد خاندان نے مقتول کو خبردار بھی کیا تھا اور مسلسل انیشا سنگھ سے رابطہ میں تھا اور ملاقات کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کے افراد خاندان کو بھی ان افراد نے آگاہ کیا تھا اور انیشا سے دور رہنے کی وارننگ بھی دی گئی تھی لیکن سائی ناتھ سنگھ نے اس کی پرواہ نہیں کی بالآخر ان افراد نے منصوبہ بند طریقہ سے سائی ناتھ سنگھ کا قتل کردیااور پولیس کارروائی میں گرفتار کرلئے گئے ۔ ع

نقلی ڈاکٹرس کیخلاف کارروائی ، کانسٹیبل حملہ میں زخمی ،نانک رام گوڑہ سے شکایت پر پہونچنے والی پولیس پر آر ایم پی ڈاکٹر کا حملہ
حیدرآباد ۔ 30 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)گریٹر حیدرآباد میں نقلی ڈاکٹرس کے خلاف جاری پولیس کی کارروائیوں میں پولیس ہی کو نشانہ بنایا گیا ۔ سائبرآباد کے علاقہ گچی باؤلی میں پولیس کارروائی کے دوران ایک آر ایم پی نے پولیس پر حملہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ (36) سالہ سنیل کمار نامی آر ایم پی کے حملہ میں شیواکمار ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ڈائیل 112 پر حاصل شکایت کاجائزہ لینے پہونچی ۔ نانک رام گوڑہ کے علاقہ میں پولیس جب پہونچی تو آر ایم پی ڈاکٹر پولیس سے ہی اُلجھ پڑا اور بحث و تکرار کے بعد پولیس ملازم ہیڈ کانسٹیبل شیواکمار کا دامن پکڑکرکر مکے رسید کردیا ۔ آر ایم پی سنیل کمار کے حملہ میں ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا ۔ سنیل کمار کا تعلق ورنگل سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس اس معاملہ میں تحقیقات کررہی ہے۔ شہر و نواحی علاقوں میں پولیس اور ا سپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی میں (5) نقلی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ملاپور میں تین ، رام گوپال پیٹ اور میڈی پلی میں ایک ایک نقلی ڈاکٹرس کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران پتہ لگایا کہ یہ نقلی ڈاکٹرس بغیر تعلیمی قابلیت کے پریکٹس کررہے تھے ۔ پولیس نے خفیہ طورپر مریض کے بھیس میں ان ڈاکٹرس کے ذریعہ تشخیص کروائی اور پھر کارروائی کے بعد اُنھیں گرفتار کرلیا ۔ ان گرفتار ڈاکٹرس کے یہاں کوئی رجسٹریشن نہیں تھا اور نہ ہی کوئی قابلیت اور اہلیت پائی گئی اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے سے اجازت تھی ۔ ملاپور کے چندیا نگر میں نودیا فرسٹ ایڈ کلینک پر کی گئی کارروائی میں پولیس اسماعیل نامی نقلی ڈاکٹر وینکٹ رمنا کالونی میں ودیکشا میڈیکل جنرل اسٹور کے سائی تیجا ، سوریہ نگر میں وینکٹیشورا فرسٹ ایٖ سنٹر میں پی سرینواس کو حراست میں لے لیا ۔ گوپال پورم کے علاقہ میں سائماں فرسٹ ایڈ کلینک چلانے والے کیشو راؤ جبکہ بوڑاپل میں بی شامندر کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ع