نظام آباد۔/16 نومبر، ( پریس نوٹ ) جماعت اسلامی نظام آباد کے صحافتی اعلامیہ کے بموجب انتخابات 2023 کیلئے امیر جماعت ڈاکٹر خالد مبشرالظفر کی زیر نگرانی چند دن قبل ارکان کی ایک نشست ہوئی جس میں مشاورت کے بعد امت کی سیاسی رہنمائی کیلئے ارکان جماعت پر مشتمل ایک سیاسی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ذمہ یہ کام طئے ہوا کہ شہر نظام آباد سے فسطائی طاقتوں کو کامیابی سے باز رکھنے اور ووٹنگ کے فیصد میں اضافہ کیا جائے اور نظام آباد کے مسلمانوں کو مسائل سے متعلق مقامی منشور تیار کرکے امیدواروں سے تبادلہ خیال کیا جائے ۔ چنانچہ 15 نومبر ابواللیث ہال، مرکز جماعت اسلامی متصل مسجد رضا بیگ احمدی بازار نظام آباد پر دوپہر میں کانگریس امیدوار جناب محمد علی شبیر اور شام میں بی آر ایس امیدوار بیگالہ گنیش گپتا انکے رفقاکے ہمراہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اہم نکات پر تبادلہ خیال ہوا اور یہ واضح کیا گیاکہ یہ اجلاس کسی کی حمایت اور مخالفت پر مشتمل نہیں ہے۔ دونوں امیدواروں سے خوشگوار گفتگو ہوئی اور دونوں نے جماعت اسلامی کے منشور پر سنجیدگی سے غور و فکر کرکے کامیابی کے بعد عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ نظام آباد کی سیاسی کمیٹی زمینی سطح پر سروے کرکے رپورٹ حلقہ کو روانہ کرے گی۔ حلقہ ذمہ داران کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا کہ حلقہ نظام آباد اربن انتخابات میں کس امیدوار کی تائید کرکے رائے عامہ ہموار کیا جاسکے۔