جمعیۃ العلماء کا ماہانہ حساب اور سالانہ بیالنس شیٹ ویب سائٹ پر دستیاب

   

نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے دینی اداروں اور تنظیموں کے حسابات میں شفافیت اور اسے ویب سائٹ پر شائع کرنے کی تجویز کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیۃ علماء اپنی ویب سائٹ پر پابندی سے ماہانہ حساب اور سالانہ بیالنس شیٹ شائع کرتی ہے ۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی ہے ۔ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء نے اس سلسلے میں کافی پہلے اقدام کیا ہے اور ہم جمعیۃ کی ویب سائٹ https://jamiat.org.in/پر ماہانہ حساب برابر شائع کررہے ہیں، اس میں آڈٹ کی ہوئی سالانہ بیلنس شیٹ کی اشاعت بھی شامل ہے ، مجموعی حساب تک رسائی جمعیۃ علماء کے تمام معاونین، مخیرین اوررجسٹرڈ ممبران کو عمومی طو ر پر حاصل ہے ، تفصیلی حسابات تک رسائی، حسب طلب ایکسیس کوڈ Access code کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہے ۔مولانا مدنی نے مزیدکہا کہ ہم جمعیۃ کے حساب میں پوری شفافیت برتتے ہیں اور عوام کواپنی کارکردگی اور جملہ حسابات سے واقف کرانے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔مولانا مدنی نے جمعیۃ سے وابستہ اداروں کو خاص طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ بھی اس سلسلے میں اقدام کریں اور اپنے حسابات کو پوری شفافیت کے ساتھ آڈٹ کرانے اور شائع کرانے کا پورا اہتمام کریں۔