جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر مولانا عبد العلیم فاروقی کا انتقال

   

ممبئی: جمعیۃ علماء ہندکے نائب صدر،جانشین امام اہل سنت مولاناعبدالعلیم فاروقی ؒکے سانحہ ارتحال پر رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے مولانا حافظ مسعود احمد حسامی (کارگزار صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر)مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے کہاکہ مولانا ایک تاریخی خانوادہ کے بلندپایہ عالم دین، صف اول کے ملی رہنما ،مدح صحابہ کے سپہ سالار اورعالمی شہرت کے حامل خطیب و مناظر تھے ،ان کی وفات ملت کاایک عظیم خسارہ ہے ۔مولانا مسعود احمد حسامی نے کہاکہ آپ فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ اور جانشین شیخ الاسلام مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ کے دور صدارت میں طویل عرصہ تک جمعیۃ علمائہندکے ناظم عمومی رہے ، پچھلے ایک میعاد سے پیرانہ سالی کے سبب نائب صدر کے عہدے پر فائز کئے گئے ۔مولانا مرحوم جمعیۃ علماء ہند کی ایک تاریخ تھے ، امام اہل سنت مولاناعبدالشکورفاروقی کے حفیداورمناظراسلام مولاناعبدالسلام فاروقی کے جانشین اوران کی روایتوں کے امین وپاسبان کی حیثیت سے مولانا مرحوم لکھنؤ میں متعارف تھے ۔