جموں وکشمیر ، ملک کا اٹوٹ حصہ، سردار پٹیل کے دیرینہ خواب کی تکمیل

,

   

دفعہ 370 کی منسوخی مودی حکومت کا تاریخی کارنامہ ، آئی پی ایس پروبیشنرس پریڈ سے وزیر داخلہ امیت شاہ کا خطاب

حیدرآباد24اگست( سیاست نیوز؍ این ایس ایس)مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ مجاہد آزادی اور ہندوستان کے پہلے وزیرداخلہ سردار پٹیل نے ہندوستان میں 630دیسی ریاستوں کے الحاق میں اہم رول ادا کیا، آرٹیکل370 کے نفاذ کی وجہ سے ہندوستان جموں و کشمیر کو ضم نہیں کرسکا تاہم وزیراعظم مودی کی قیادت میں دفعہ 370کو ختم کردیا گیا اور جموں و کشمیر بھی بقیہ ہندوستان کا مکمل اٹوٹ حصہ بن گیا ہے۔ شاہ نے حیدرآباد کی سردار پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں تربیت پانے والے آئی پی ایس پروبیشنرس کے 70ویں بیچ کی دکشن پاسنگ آوٹ پریڈ میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370کو منسوخ کرنے کے بعد جموں وکشمیر اب ہندوستان کا حصہ بن گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آرٹیکل 370کی منسوخی کے بعد ہی آنجہانی سردار پٹیل کا خواب پورا ہوا ہے ۔انہوں نے کئی دہائیوں قدیم مسئلہ کشمیر کے حل پر مودی حکومت کو مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد نظام نے حیدرآباد دیسی ریاست کو ہندوستان میں ضم کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم پٹیل نے اس بات کو یقینی بنایا کہ حیدرآباد،ہند یونین میں ضم ہوجائے ۔اس کا سارا سہرا اُس وقت کی پولیس فورس کو جاتا ہے ، انہوں نے سردار پٹیل کو یاد کرتے ہوئے ملک کے اتحاد کے لئے ان کی خدمات کوخراج پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کا دستور نظم و نسق کو دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے ۔پارلیمنٹ کے منتخب نمائندے اور قانون ساز ادارے پالیسیوں اور قانون کی تیاری کا کام کرتے ہیں۔دوسرا آئی پی ایس عہدیدار ہیں جو زمینی سطح پر اس کو نافذ کرتے ہیں۔کوئی بھی عہدیدار جو یہاں سے نکلنے کے بعد کسی بھی ریاست میں خدمات انجام دے اس کو چاہئے کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ کام کرے اور عوام کا احترام کرے ۔انہوں نے اس پریڈ کے موقع پر بہ حیثیت مجموعی بہترکارکردگی کے حامل آئی پی ایس عہدیداروں کی ستائش بھی کی۔انہوں نے کہاکہ جو پروبیشنرس آئی پی ایس بنے ہیں، ان کو چاہئے کہ وہ اپنے کارنامہ سے مطمئن نہ ہوں بلکہ ملک کے غریبوں کو اونچا اٹھانے کیلئے اپنی مساعی کریں۔ مسٹر شاہ نے زور دیتے ہوئے کہاکہ خوشحال، تعلیم یافتہ اور محفوظ ہندوستان ہمارا نشانہ ہونا چاہئے ۔ بلند، متنوع اور عظیم ملک کو محفوظ رکھنا،اس کے جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ رابطہ،تبادلہ خیال اور تال میل کے بغیر کبھی بھی کامیابی نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہاکہ دستور کے تحفظ کی ذمہ داری آئی پی ایس عہدیداروں کی ہونی چاہئے ۔اس اکیڈیمی میں 18دسمبر2017کو پروبیشنرس کی بنیادی تربیت کا آغاز کیا گیا تھا۔اس بیج میں 192پروبیشنرس بشمول 12خاتون آئی پی ایس عہدیدار اور 11بیرونی ممالک کے عہدیدار بھی شامل ہیں جنہوں نے پاسنگ آوٹ پریڈ میں حصہ لیا۔ان میں رائل بھوٹان پولیس کے چھ عہدیدار اور نیپال پولیس کے 5عہدیدار بھی ہیں۔امیت شاہ نے غوث غلام کو وزیراعظم بیٹن اور وزیرداخلہ ریوالور پیش کیا۔غوث عالم کو تلنگانہ کیڈر کے لئے الاٹ کیا گیا ہے جنہوں نے تربیت کے دوران بہ حیثیت مجموعی بہتر مظاہرہ کیا۔راجستھان کی رچہ تومر بہ حیثیت مجموعی بہتر مظاہرہ کرنے والی خاتون قرار پائیں جن کو ٹروفی دی گئی۔اس تقریب میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی، ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ہندوستان کو خطرات سے محفوظ اور رشوت سے پاک بنایا جائے
نئے آئی پی ایس پروبیشنرس کووزیر داخلہ امیت شاہ کا مشورہ
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( این ایس ایس ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو سردار ولبھ بھائی پٹیل پولیس اکیڈیمی پر انڈین پولیس سرویس ( آئی پی ایس ) پروبیشنرس کے 70 ویں بیاچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی صدارت کرتے ہوئے نئے آئی پی ایس افسران پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ اور رشوت ستانی سے پاک و صاف بنانے کیلئے کام کریں۔ مرکزی وزیر امیت شاہ نے اس موقع پر پریڈ کی سلامی لی اور بہترین مظاہرہ کرنے والے 103 پروبیشنرس کو ایوارڈ پیش کیا جن میں 15 خاتون افسران کے علاوہ بھوٹان کے 6 اور نیپال کے 5 افسران بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بالخصوص لیڈی پولیس افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے بہترین مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہونہار نوجوان افسران کی شمولیت پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔ امیت شاہ نے کہاکہ ’ ہندوستان کے مرد آہن‘ کو میں سلام کرتا ہوں۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل پولیس اکیڈیمی حیدرآباد میں قائم کی گئی ہے یہ ایک ایسا مقام ہے جس نے1948 میں سردار پٹیل کی قیادت میں پولیس ایکشن بھی دیکھا ہے۔ جس کے سبب سابق ریاست حیدرآباد کا ہندوستان میں انضمام عمل میں آیا۔