جموں وکشمیر میںسخت سیکورٹی کے انتظامات

   

سری نگر:جموں وکشمیر میں حالیہ عسکریت پسندحملوں کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔بتادیں کہ کشمیر میں حالیہ حملوں اور سدھرا جموں میں آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے بعد اتوار کے روز دونوں صوبوں میں ناکوں کا جال بچھایا گیا اور کسی کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔میڈیا رپورٹر نے اتوارکے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں۔موصوف رپورٹر نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔رپورٹرنے بتایا کہ سیول لائنز اور پائین شہر میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی جامہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔