جموں: وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میڈیکل سپلائز کارپوریشن لمیٹڈ (جے کے ایم ایس سی ایل) کی کارکردگی اورکام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران وزیر صحت نے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں صحت خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے طبی سامان کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اضلاع اور سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ صحت مراکز میں مریضوں کے لئے ادویات کی تقسیم میں مزید شفافیت اور کارکردگی لانے پر زور دیا۔ انہوں نے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھیں اور ان ادویات کی بھی تفصیل محفوظ کریں جو مریضوں کو تجویز کی جاتی ہیں لیکن سٹاک میں دستیاب نہیں ہوتیں۔
سکینہ ایتو نے جے کے ایم ایس سی ایل کی انتظامیہ پر مزید زور دیا کہ وہ طبی سامان کے ساتھ ساتھ کارپوریشن کی طرف سے خریدی جانے والی مشینری اور آلات کے معیار کو برقرار رکھے ۔انہوں نے جموں و کشمیر میں صحت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں جے کے ایم ایس سی ایل کے رول کو تسلیم کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایک زیادہ فعال اور موثر نظام کے قیام کے لئے کام کریں جو یہاں کے مقامی لوگوں کی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرے ۔وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر کے مختلف صحت مراکز کے لئے مشینری اور جدید آلات کی خریداری کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن کی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ خریداری میں تاخیر کو کم کریں اور مشینری و آلات کی بروقت فراہمی کے لئے ایک بہتر فریم ورک اَپنائیں۔انہوں نے جے کے ایم ایس سی ایل کی اِنتظامیہ کو زیر التوا خریداری کے عمل کو تیز کرنے اور دیہی و دُور دراز علاقوں میں طبی سامان، مشینری اور آلات کی بروقت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جو تاحال ڈِی وِی ڈِی ایم ایس پورٹل پر رجسٹرڈ نہیں ہوئے ۔