سری نگر ۔ فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ کے علاقہ برار آرہ گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 کشمیری نوجوان شہید کردیے۔ آخری اطلاعات تک علاقہ میں آپریشن جاری تھا۔نئی دہلی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں جماعت اسلامی کے 4 ارکان جاوید احمد لون، عادل احمد لون، منظور احمد ڈار اور رمیز احمد کونڈو کے خلاف ایک جھوٹے مقدمہ میں فرد جرم عاید کی گئی۔ این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کے ارکان کے خلاف آزادی کے حق میں اور مخالف سرگرمیوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جموں و کشمیر میں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر میں غیرقانونی حلقہ بندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ قرار دیا ہے جس کا مقصد آبادی کے نتاسب کو بدلنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیرقانونی حلقہ بندیوں کی مشق کا مقصد مسلم اکثریت کی انتخابی طاقت کو مصنوعی طور پر تبدیل کرنا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سیاسی اور انتخابی مقاصد کو آگے بڑھانا ہے۔