جموں و کشمیر کی صورتحال پر امیت شاہ کا خصوصی اجلاس

,

   

گورنر ، سیول انتظامیہ اور پولیس حکام سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال
سرینگر ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے جموں کشمیر کو دی جانے والی اہمیت کو نمایاں کرتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے اس ریاست کے دورہ کا انتخاب کیا اور اس موقع پر انہوں نے ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ گورنر ستیہ پال ملک نے پروٹوکول کی روایات کو توڑتے ہوئے اپنے مشیروں اور چند اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے ساتھ ایرپورٹ پہنچ کر امیت شاہ کا استقبال کیا۔ ماضی میں گورنرس صرف اپنی ریاست کا دورہ کرنے والے وزرائے اعظم کا ہی استقبال کیا کرتے تھے۔ امیت شاہ نے دو روزہ دورہ پر آمد کے فوری بعد ریاست کے اعلیٰ سیول انتظامیہ، عہدیداروں اور مختلف سیکوریٹی ایجنسیوں کے سرکردہ افسران کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ گورنر ستیہ پال ملک ان کے مشیر و انچارج برائے امورداخلہ کے وجئے کمار، معتمد داخلہ راجیو گاوبا، ریاستی سکریٹری بی وی آر سبرامنیم، شمالی فوجی کمانڈر لیفٹننٹ جنرل رندیپ سنگھ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ اور وادی اور جموں کے ڈیویژنل کمشنران موجود تھے۔ عہدیداروں نے امیت شاہ کو اس ریاست میں عسکریت پسند قیادت کے خاتمہ کیلئے کئے جانے والے مختلف اقدامات سے واقف کروایا اور یہ تیقن دیا کہ انتہاء پسند پلوامہ جیسے حملے کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ امیت شاہ کو پرامن اور اطمینان بخش انداز میں سالانہ امرناتھ یاترا کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی واقف کرایا گیا۔ یہ یاترا یکم ؍ جولائی سے شروع ہورہی ہے۔ باور کیا جاتا ہیکہ وزیرداخلہ جنوبی کشمیر کے ہمالیائی پہاڑوں میں واقع امرناتھ مندر کا دورہ کریں گے۔ وہ اس دو روزہ دورہ کے دوران ریاست میں عسکریت پسندوں کے حملہ میں ہلاک ملازمین پولیس کے ارکان خاندان سے بھی ملاقات کریں گے۔