جموں کو بھی معاشی بدحالی کی طرف دھکیل دیا گیا

   

جموں : جموں وکشمیر کے عوام کو درپیش گوناگوں مشکلات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ تباہ کن معاشی بحران ، بے روزگاری، آسمان چھوتی مہنگائی، حکومت کے عوام مخالف فیصلے و اقدامات اور غیر یقینی صورتحال نے اس تاریخی ریاست کی آبادی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ جموں میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ، عوام کو ماضی میں جو سہولیات بہ آسانی میسر رہا کرتی تھیں وہ آج احتجاج کرنے کے بعد بھی دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرپر مسلط کی گئی افسرشاہی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر کاغذی گھوڑے دوڑاتے نظر آتے ہیں لیکن زمینی سطح پر لوگوں کو کہیں سے بھی راحت نہیں پہنچ گئی ہے ۔