جمہوریت ہندوستان کا سب سے انمول اثاثہ : ممتا بنرجی

   

کولکاتا ، 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج آزادی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے پرامن تحریکیں چلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سکیولرازم ہی ایک قوم کی حیثیت سے ہندوستان کی شناخت ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ایک ٹوئٹ میں ممتا بنرجی نے سبھی سے ہندوستان کو تقسیم نہ کرنے کا حلف لینے کی اپیل کی اور اسے متحد رکھنے پر بھی زور دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ سیاسی آزادی، معاشی آزادی، اظہار خیال کی آزادی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ انھوں نے جمہوریت کو ہندوستان کا سب سے انمول اثاثہ قرار دیا۔