جمہوری ادارے بی جے پی ، آر ایس ایس کے نشانہ پر

,

   

قومی پرچم ترنگا سنگھ پریوار کی ملکیت نہیں، بھارت جوڑو یاترا کے موقع پر راہول کے ریمارکس

کنیاکماری ؍ چینائی: کانگریس کے راہول گاندھی نے آج پارٹی کے عوام سے رابطہ کے زبردست پروگرام ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کو دوپہر میں کنیاکماری سے جھنڈی دکھائی۔ کانگریس 2024ء کے عام انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام سے رابطہ قائم کرنا چاہتی ہے۔ 3500 کیلو میٹر کا پیدل مارچ 150 دنوں میں طئے کیا جائے گا۔ راہول نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان کے تمام جمہوری ادارے اس وقت خطرہ میں ہے۔ گذشتہ 8سال میں بی جے پی اور آر ایس ایس نے تمام جمہوری اداروں پر حملے کرتے ہوئے انہیں یرغمال بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری ادارے ہی ہیں جو قومی پرچم ترنگا کی حفاظت کرتے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس سمجھتے ہیں کہ ترنگا ان کی جاگیر ہے۔ ہندوستان کا مطلب آزاد میڈیا ہے جو پرچم کی حفاظت کرے۔ عدلیہ بھی پرچم کی حفاظت کرتا ہے لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے سنگھ پریوار کی سرپرستی میں ہمارے ایک ایک ادارے کو زک پہنچائی ہے۔ ان پر نت نئے انداز میں حملہ کیا جارہا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی حالت اور اس کے عوام کے مستقبل کو وہ تن تنہا بدل سکتے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس سمجھتے ہیں کہ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس کو استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو خوفزدہ کرسکتے ہیں۔ راہول نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کتنے گھنٹے ہم سے پوچھ گچھ کی جائے گی، کوئی بھی اپوزیشن لیڈر بی جے پی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کو ملک کا طویل ترین مارچ قرار دیا جس کی شروعات کنیا کماری میں آج ایک ریالی کے ساتھ ہوئی۔ پیدل مارچ یا پدیاترا کا آغاز جمعرات کی صبح ہوگا۔ کانگریس کے قائدین نے تردید کی کہ اس یاترا کا کوئی مخصوص سیاسی مقصد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس یاترا کے ذریعہ ملک کو متحد کرنا اہم مقصد ہے۔ پدیاترا کے دوران کانگریس قائدین مختلف مسائل جیسے افراط زر، مہنگائی اور بیروزگاری کے بارے میں عام لوگوں سے ربط قائم کرنے کی کوشش کریں گے۔ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی جو صحت کے مسائل کے سبب اس یاترا کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں ، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وہ فکر و جذبہ کے اعتبار سے بھارت جوڑو یاترا میں پوری طرح شریک ہیں۔ یہ تاریخی موقع ہے اور انڈین نیشنل کانگریس کی کوشش ہوگی کہ ملک بھر کے عوام کو باخبر کیا جائے کہ مرکز کی حکمرانی کے کیا مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے ٹاملناڈو کے سری پرمبدور میں اپنے والد راجیو گاندھی کی یادگار پر حاضری دی، جہاں سابق وزیراعظم کو 21 مئی 1991ء کو خودکش حملہ میں ہلاک کیا گیا تھا۔ راہول کی قیادت میں کانگریس ورکرس اور قائدین ہر روز صبح 7 بجے اور شام 6:30 بجے کے درمیان دو بیاچس میں پدیاترا کریں گے اور اس طرح اگلے 150 دنوں میں وہ 12 ریاستوں اور 2 مرکزی علاقوں کا احاطہ کریں گے۔ راہول گاندھی کنیا کماری سے کشمیر تک پیدل مارچ مکمل کریں گے اور یاترا کا اختتام کشمیر میں ہوگا۔