جم میں انجکشن کا مبینہ استعمال، ذہنی معذور نوجوان کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) ورزش انسانی صحت کیلئے مفید ضرور ہے لیکن اج کل نوجوان نسل میں ورزش صحت سے زیادہ فیشن کا رخ اختیار کرگئی ہے جہاں کم وقت میں جسم کو ابھارنے اور مزید بہتر دکھائی دینے کیلئے نوجوان نسل انجکشن اور ادویات کا استعمال کرنے لگی ہے جو صحت کیلئے کافی نقصاندہ بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہورہا ہے۔ اسی طرح کا ایک افسوسناک واقعہ ٹپہ چبوترا علاقہ میں پیش آیا جہاں جم میں انجکشن کے مبینہ استعمال سے ذہنی معذور نوجوان نے خودکشی کرلی۔ اس واقعہ کے بعد ٹپہ چبوترا علاقہ میں سنسنی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ عبدالرحیم جو پیشہ سے باورچی تھا یوسف نگر علاقہ میں رہتا تھا۔ گذشتہ 15 روز سے عبدالرحیم کا ایرہ گڈہ میں علاج جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق عبدالرحیم جم میں انجکشن لیا کرتا تھا۔ گذشتہ روز عبدالرحیم کو ریہیبلیٹی سنٹر بھی منتقل کیا گیا تھا اور وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار تھا جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ ٹپہ چبوترا پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ عبدالرحیم کے والد اور افراد خاندان نے جم کے انجکشن فراہم کرنے والے گروہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور پولیس کمشنر سے درخواست کی ہے کہ وہ انصاف فراہم کرنے کے اقدامات کریں اور ایسی غیر سماجی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کریں۔ع
سافٹ ویئر ملازمہ کی خودکشی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) گچی باؤلی کے ایک پی جی ہاسٹل میں سافٹ ویر ملازمہ نے خودکشی کرلی۔ نوجوان لڑکی کے اس مشتبہ انتہائی اقدام سے ہاسٹل اور کمپنی میں سنسنی پھیل گئی۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 23 سالہ نتیہ شری جو راجنا سرسلہ علاقہ کے ساکن گروایا کی بیٹی تھی یہاں شہر میں رہتی تھی۔ لڑکی ٹی سی ایس میں ملازمت کرتی تھی جو سافٹ ویر ملازمہ بتائی گئی ہے۔ نتیہ شری گچی باؤلی کے ایک پی جی ہاسٹل میں رہتی تھی جس نے کل کمرہ میں پھانسی لے لی ۔ لڑکی کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران آج فوت ہوگئی۔ ع