جناب افتخار حسین ملت کے لیے ذریعہ فیض : جناب عامر علی خاں

   

ضرورت مند طلبہ و مرد و خواتین کی مدد زندگی کا مقصد ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : جب تک زندہ ہوں فیض عام ٹرسٹ کے ذریعہ خدمت خلق کا سلسلہ جاری رکھوں گا ۔ آج ضرورت مند طلباء مرد و خواتین اور بیماروں و معذورین کی خدمت ان کی اعانت کا جو کام جاری ہے اس میں فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان اور روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا غیر معمولی تعاون حاصل ہے ۔ جس کے لیے بارگاہ رب العزت میں جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار فیض عام ٹرسٹ کے نئے دفتر واقع ہلز کالونی اے سی گارڈ میں منعقدہ ایک خصوصی محفل سے خطاب میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے کیا ۔ جس کی صدارت نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے کی ۔ اس محفل میں جناب عامر علی خاں کے بشمول شہر کی اہم شخصیتوں کی ایک کہکشاں نے جناب افتخار حسین کی قومی و ملی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر ایس اے شکور ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ ، ڈاکٹر ایس موسیٰ رضا جعفری ، نواب مصطفی علی خاں ، جناب ایم اے صدیقی ( سکریٹری مسجد عالیہ ) ، جناب فاضل حسین پروپز ایڈیٹر گواہ ، سید خالد شہباز ( آن لائن ایڈیٹر گواہ ) ، آغا مجاہد حسین منیجنگ ڈائرکٹر اولیو ہاسپٹل ، سید جعفر حسین ایڈیٹر صدائے حسینی ، ایمان احمد ( ٹریژر مسجد عالیہ ) ، جناب شیخ افضل ( سن سٹی ) ، ہارون زئی ، شیخ عثمان غنی ، جناب تقی الدین شجیع ، جناب منور حسین ، جناب غلام محمد ، شیخ اکرم (منیجر کپڑا بینک ) ، عبدالمجید ، سید علی ، زاہد فاروقی ، اسلم حسین اور فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم کے ارکان موجود تھے ۔ جناب افتخار حسین نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں جو زندگی عطا کی ہے شائد وہ فیض عام کے ذریعہ ضرورت مندوں کی خدمت کے لیے عطا کی ہے ۔ ایسے میں انہوں نے یہ تہیہ کر رکھا ہے کہ جب تک سانس ہے انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ملت کی خدمت کے معاملہ میں روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں اور خود غرضی و نفسانفسی کے اس دور میں جناب افتخار حسین بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات ضرورت مند طلباء سے لے کر مستحق مرد و خواتین کی خدمت کی شمع بلکہ مشعل روشن رکھے ہوئے ہیں اور اب نورانی ٹراویلس کی بلڈنگ میں دفتر فیض عام ٹرسٹ کی منتقلی سے نونہالان ملت کے بشمول مستحقین کو نورانی فیض حاصل ہوگا ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ جناب افتخار حسین ملت کا اثاثہ ہیں ۔ وہ بڑی خوش اسلوبی اور جوش و خروش کے ساتھ فیض عام کے فیض کو عام کررہے ہیں جو ملت کی ذمہ دار شخصیتوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ آج ہر ایک کو جناب افتخار حسین کے جوش اور جذبہ کو اپنا کر ملت کی خدمت کرنی چاہئے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں اور فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی قیادت میں ضرورت مندوں کی مدد میں مصروف ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان کی زندگی کو 21 ، اکیس اور اکیس سال کے تین حصوں میں بانٹ دیں تو 63 سال میں انسان کی زندگی مکمل ہوجاتی ہے بعد کی عمر بونس ہے جو اللہ تعالیٰ عطا کرتے ہیں ۔ بعد کے دو حصہ یعنی عمر کے 42 سال بچتے ہیں اگر اس کو پیمانہ بناکر چلیں تو وہ بھی 12 ہزار دن سے زیادہ نہیں ہوں گے لیکن ایک ضرورت مند کی مدد کردیں اور اس کی دعائیں بارگاہ رب العزت میں مقبول ہوجائیں تو ہمارا بیڑا پار ہے ۔ افتخار حسین صاحب جیسی شخصیتیں لوگوں کا درد بانٹتے ہیں ان کے حقیقی ہمدرد ہوتے ہیں ۔ نونہالان ملت کو زیور علم سے آراستہ کرتے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نے تعلیم کے ساتھ ہنر پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایک ہنر مند لوگوں کے لیے کمائی و آمدنی کے مواقع پیدا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے موجودہ دور میں اخلاقی گراوٹ کے خطرناک رجحان پر تشویش ظاہر کی اور یہ بھی کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں ایک ہزار کروڑ کا کھجور ہمارے شہر میں فروخت ہوتا ہے لیکن افسوس ہم کھجور امپورٹ کرتے ہیں اور نہ ہی ہول سیلر بنتے ہیں ۔ بقر عید میں بھی ہم قربانی کے اجتماعی نظم سے قاصر ہیں ۔ محمد ریاض نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ ابتداء میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے جناب افتخار حسین کو بہترین اور دلوں کو چھونے والے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ آغا مجاہد نے کہا کہ جگہ تبدیل ہوئی ہے کام تو انسانیت کی خدمت ہی ہے ۔ جناب ایم صدیقی نے بھی خراج تحسین پیش کیا ۔ ایڈیٹر گواہ جناب فاضل حسین پرویز اور سید جعفر حسین نے بھی خطاب کیا ۔۔