جناب زاہد علی خاں کو تعمیر ملت کی جانب سے مومنٹو کی پیشکشی

,

   

ادارہ سیاست کی فلاحی خدمات پر خراج تحسین ، سید جلیل احمد ایڈوکیٹ کی جانب سے نیک تمنائیں
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) مدیراعلی روزنامہ سیاست جناب زاہدعلی خان کو ادارہ سیاست کی فلاحی اور سماجی خدمات پر تعمیر ملت کی جانب سے مومنٹو اور رحمت العالمینؐ تحریر کردہ گلوب پیش کیاگیا۔صدر کل ہند تعمیر ملت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے مومنٹواور گلوب پیش کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کل ہند تعمیر ملت کے ساتھ ادارہ سیاست کا تعاون اور تعلق بہت قدیم ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ بانی سیاست جناب عابد علی خان صاحب مرحوم کے بعد جناب زاہد علی خان نے کل ہند تعمیرملت کے ساتھ ہمیشہ اپنا دست تعاون جاری رکھاہے۔انہوں نے کہاکہ جشن رحمت اللعالمین ؐ کے موقع پر کل ہند تعمیر ملت قوم کی جانب سے ملت کی معززشخصیات کو یہ مومنٹو پیش کیاجارہا ہے اور اس کا مقصد قوم او رملت کے فلاحی ‘ سماجی خدمات کرنے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے کہاکہ جناب عابدعلی خان مرحوم کے بعد ادارہ سیاست کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے میں مدیر اعلی روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کی خدمات اظہر من الشمس ہیں۔انہوں نے کہاکہ میری نیک تمنائیں ادارے کے ساتھ ہیں ۔جنرل سکریٹری تعمیر ملت ڈاکٹر یوسف حامدی بھی اس موقع پر موجودتھے۔