جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال سے جمہوری تحریکات کو شدید نقصان

   

پیپلز یونین برائے سیول لبرٹیز کا غدر اور ظہیرالدین علی خان کا جلسہ تعزیت، سرکردہ شخصیتوں کا خراج

حیدرآباد۔12اگست(سیاست نیوز) پیپلزیونین برائے سیول لبرٹیز( پی یو سی ایل۔ تلنگانہ یونٹ) کے زیر اہتمام ممتاز صحافی اور منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خان اور انقلابی گلوکار غدر کو خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ سیول لبرٹیز کے دفتر واقع ملک پیٹ پر منعقدہ تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی یو سی ایل تلنگانہ یونٹ کے صدر دامور ریڈی نے جناب ظہیر الدین علی خان اور غدر کے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران ٹی آر ایس کے ایک اجلاس میںجنا ب ظہیر الدین علی خان سے ان کی ملاقات ہوئی تھی ۔ دامودر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی عوام کے لئے تڑپتا دل رکھنے والی شخصیت جناب ظہیر صاحب کی تھی۔ انہو ںنے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے یہاں کی عوام کو ہونے والے فوائد پر جامع تحریک چلانے میںبھی ظہیر صاحب کے رول کو ناقابل فراموش قراردیا۔دامور ریڈی نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ ظہیر صاحب کے انتقال سے جمہوری تحریکات کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ادارے سیاست اور جناب ظہیر الدین علی خان کا علیحدہ تلنگانہ تحریک میںغیرمعمولی تعاون رہا ہے۔ پی یو سی ایل تلنگانہ یونٹ کی اسٹیٹ جنرل سکریٹری جیاوندلیا نے تلنگانہ تحریک کے دوعظیم مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے جناب ظہیر الدین علی خان کے سماجی خدمات پیش کئے ۔ انہوں نے کہاکہ کینسر کے مریضوں کی کفالت سے لے کر پرانے شہر میںخواتین کو روزگار سے جوڑنے کے لئے ٹیلرنگ سنٹرس کے قیام غریب او رنادار بچوں کی اسکول فیسوںکی ادائی کا بیڑھ اٹھانے والی عظیم شخصیت کا نام ظہیر الدین علی خان تھا۔ جیا وندلیا نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات میں غدر اورظہیر صاحب جیسی شخصیتوں کادنیا سے چلا جانا جمہوری او رسماجی تحریکوں کا ایک بڑا نقصان ہے۔جیاوندیالیا نے بھی فلاحی ‘ جمہوری ‘ سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ علیحدہ تلنگانہ تحریک میں جناب ظہیر الدین علی خان کے کردار کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا۔ اقبال خان نائب صدر‘ ریاض الدین جنرل سکریٹری حیدرآباد سٹی‘ پی یو سی ایل ‘ ہاریت جنتا وکاس‘ سلیم پی یو سی ایل کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔