جناب محمد سلیم سعودی عرب روانہ، عمرہ کی ادائیگی

   

عالمی امن اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعا
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز)صدر نشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم (ایم ایل سی ) ادائیگی عمرہ اور روضہ اقدس پر حاضری کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ انہوں نے بروز جمعرات کو عمرہ کی ادائیگی مکمل کرلی اور حرم شریف میں عالمی امن، مسلمانوں اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعاء کی۔ جناب محمد سلیم نے مکہ مکرمہ میں کئی اہم شخصیتوں سے ملاقات کرتے ہوئے عازمین عمرہ کیلئے حکومت سعودی عرب کے انتظامات کی ستائش کی۔ وہ جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ رمضان المبارک اور حج انتظامات پر بات چیت کی جاسکے۔ صدر نشین وقف بورڈ لوک سبھا انتخابات کی مصروفیات کو دیکھتے ہوئے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل عمرہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد محمد سلیم پیر کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔