ممبئی، 26 ستمبر (آئی اے این ایس) معروف اداکار رضا مراد نے انتقال کرجانے والے سینئر اداکار مشتاق خان کے جنازے میں شرکت نہ کرنے پر بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔رضا مراد نے ایک دوٹوک ویڈیو پیغام میں سوال اٹھایا کہ فلمی دنیا کے کسی بھی بڑے چہرے نے تقریباً پانچ دہائیاں ہندی فلم انڈسٹری کو دینے والے مشتاق خان کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شرکت کیوں نہیں کی۔ مشتاق خان کی تدفین 25 ستمبر کو کی گئی۔ ان کے کئی ساتھی اور دیگر اداکار جنازے میں شریک ہوئے، تاہم رضا مراد نے کسی بڑے بالی ووڈ اسٹارکی عدم موجودگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا، ’’افسوس کی بات یہ ہے کہ ایسے موقع پر کوئی بھی وہ اسٹار، جسے ہم اسٹار کہتے ہیں، انہیں اپنا آخری سلام پیش کرنے نہیں آیا۔رضا مراد نے بالی ووڈ ستاروں کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بااثر صنعت کارکے بیٹے کی شادی ہوتی تو یہی ستارے نہ صرف تقریب میں شریک ہوتے بلکہ مہمانوں کی خدمت کے لیے بھی ویٹر بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہااگر کسی صنعت کار کے بیٹے کی شادی ہوتی تو یہ اسٹار نہ صرف وہاں شریک ہوتے بلکہ مہمانوں کی خدمت ویٹرکی طرح بھی کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی سیاسی جماعت اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتی ہے تو بھی یہ لوگ وہاں پہنچ جاتے ہیں، لیکن اس شخص کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کی جس نے اپنی پوری زندگی اور تقریباً 50 سال فلمی دنیا کے لیے وقف کردیے۔رضا مراد نے فلمی دنیا سے وابستہ افرادکو یاد دلایا کہ شہرت، دولت اور عہدہ مستقل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے اچھے برتاؤ اور اعمال ہی آخرکار اس کے کام آتے ہیں۔ ان کے مطابق آج کسی کا چہرہ شہرت سے روشن ہے، لیکن کل یہ روشنی ختم ہوسکتی ہے، اس لیے انسان کو اپنے کردار اور اعمال پر توجہ دینی چاہیے۔مشتاق خان کی تعریف کرتے ہوئے رضا مراد نے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر فلمی دنیا میں ایک الگ مقام بنایا۔ انہوں نے کبھی کسی کو گمراہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی کی خوشامدکی۔