جنتر منتر پر طلبہ اور نوجوانوں کی جدوجہد کو یونائٹیڈ مسلم فورم کی تائید

   

پولیس بربریت کی مذمت، احتجاج کچلنے اسرائیلی پالیسی اختیار کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم تلنگانہ و آندھراپردیش نے تعلیمی نظام کی اصلاح کے لئے طلبہ اور نوجوانوں کی جدوجہد کی تائید کی ہے۔ فورم میں جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے بیانر تلے طلبہ اور نوجوانوں پر پولیس کی بربریت کی مذمت کی ہے۔ فورم کے ذمہ داروں مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر) ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، جناب ضیاء الدین نیر ، جناب سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری ) ، مولانا ظہیرالدین علی صوفی اور دوسروں نے مشترکہ بیان میں مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور 20 جولائی کو دہلی کے جنتر منتر میں کاکروچ جنتا پارٹی کے بیانر تلے احتجاجی طلبہ پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے۔ فورم کے ذمہ داروں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے ملک کے تعلیمی نظام کو تباہ کردیا ہے اور تعلیم کو زعفرانی رنگ دیا گیا ۔ نصاب میں من مانی تبدیلی کی گئی۔ امتحانی پرچہ جات کا افشاء کیا جانے لگا۔ تعلیمی نظام کے بگاڑ کے ساتھ ملک میں بیروزگاری ، کرپشن ، معاشی بدحالی اور سماجی عدم مساوات کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔ پرامن احتجاج کو کچلنے کے لئے اسرائیلی طرم کی بربریت کی جارہی ہے۔ فورم کے ذمہ داروں نے کہا کہ ملک دن بہ دن پستی کی سمت جارہا ہے لیکن حکومت مسائل سے پردہ پوشی کے لئے ہندو مسلم منافرت ، بلڈوزر جسٹس، ہجومی تشدد اور مذہب کی بنیاد پر تفریق کو ہوا دے رہی ہے۔ نیٹ پیپر لیک کے ذریعہ طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا۔ حکومت کی نااہلی کو اجاگر کرنے پرامن اور جمہوری احتجاج کیا جارہا ہے۔ 1/k/m/b
فورم نے کہا کہ جس طرح سی اے اے اور این آر سی کے خلاف 2020 میں دہلی شاہین باغ میں عوامی احتجاج کو کچلنے کیلئے دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات کرائے گئے تھے ، کہیں جنتر منتر کے احتجاج کو ختم کرنے اسی طرح کی حرکت کی جاسکتی ہے۔ سماج کے تمام طبقات کو متحدہ طور پر امکانی صورتحال کا مقابلہ کرنا چاہئے ۔ فورم میں احتجاجیوںکیلئے مساجد اور دیگر مذہبی اداروں کے دروازے کھول دینے کی ستائش کی۔ فورم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں دستور اور قانون کی حکمرانی، عدل و انصاف کی بالادستی ، بھائی چارہ ہم آہنگی کی برقراری کیلئے جدوجہد کریں۔ 1/k